رمضان پیکج کی رقم کی ادائیگی میں مشکلات، مستحقین گھنٹوں انتظار کے بعد مایوس لوٹنے پر مجبور

صوبائی حکومت کی جانب سے رمضان پیکج کے تحت 10 ہزار روپے کی ادائیگی میں شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جاز کیش دکانوں کے باہر عوام کا رش بڑھنے سے رقم کی ادائیگی میں تاخیر ہو رہی ہے، جبکہ جاز کیش سسٹم ڈاؤن ہونے اور کمیشن کی عدم ادائیگی کے باعث دکانداروں کی جانب سے سست روی کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔
ٹی این این سے بات کرتے ہوئے ایک شہری نے بتایا کہ دور دراز علاقوں سے آنے والے مستحقین دن بھر دکانوں کے باہر انتظار کرنے کے بعد مایوسی کے عالم میں گھروں کو لوٹنے پر مجبور ہیں۔ شہریوں نے متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ جاز کیش سسٹم کی خرابی کا نوٹس لیا جائے اور دکانداروں کو مناسب نقد کمیشن فراہم کیا جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔
دوسری جانب، صوبے کے مختلف اضلاع میں جاز کیش ایجنٹس کی جانب سے 10 ہزار روپے وصول کرنے والوں سے 300 سے 350 روپے کی غیر قانونی کٹوتی کی شکایات بھی سامنے آئی ہیں، حالانکہ حکومت پہلے ہی فی ادائیگی 65 روپے بطور سروس فیس ادا کر چکی ہے۔ عوام نے اس غیر قانونی کٹوتی پر سخت احتجاج کرتے ہوئے حکام سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
دریں اثنا، ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں صوبائی حکومت کے 10 ہزار روپے کے رمضان پیکج میں غیر قانونی کٹوتی کی شکایات پر ضلعی انتظامیہ نے متعدد جاز کیش ریٹیلرز کو گرفتار کر کے حوالات منتقل کر دیا۔ گرفتار ملزمان کے خلاف متعلقہ تھانوں میں ایف آئی آر درج کر لی گئی ہیں۔