وزیر اعلیٰ کے پی نے سولرائزیشن آف ہاؤسز کا عملی اجراء کر دیا

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے سولرائزیشن آف ہاؤسز منصوبے کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت 32,500 گھروں کو بالکل مفت سولر یونٹس فراہم کیے جائیں گے۔
منصوبے کے پہلے مرحلے میں سولر یونٹس میں سولر پلیٹس کے ساتھ ساتھ بیٹریاں، پنکھے، لائٹس اور دیگر ضروری اشیاء بھی شامل ہوں گی۔ ان گھروں کا انتخاب ای بلاٹنگ کے ذریعے کیا گیا ہے، جس کے تحت سولر سسٹم کے حصول کے لیے 25 لاکھ 38 ہزار سے زائد آن لائن درخواستیں موصول ہوئیں۔
سولرائزیشن منصوبے کے تحت مجموعی طور پر ایک لاکھ 30 ہزار گھرانوں کو سولر سسٹم فراہم کیا جائے گا، جن میں 30 ہزار گھرانوں کا تعلق ضم شدہ اضلاع سے ہے۔ منصوبے کے تحت 65 ہزار گھرانوں کو بالکل مفت جبکہ باقی 65 ہزار کو آدھی قیمت پر اور آسان اقساط میں سولر یونٹس فراہم کیے جائیں گے۔
منصوبہ دو مرحلوں میں مکمل کیا جائے گا، جس میں پہلے مرحلے میں 65 ہزار گھرانوں کو سولر یونٹس فراہم کیے جائیں گے، جبکہ دوسرے مرحلے میں باقی 65 ہزار گھرانوں کو سولر سسٹم فراہم کیا جائے گا۔ سولرائزیشن آف ہاؤسز منصوبے کی مجموعی تخمینہ لاگت 20 ارب روپے ہے۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ صوبے میں توانائی کے بحران کو حل کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا اور لوگوں کی زندگیوں میں بہتری لائے گا۔