خیبر/ کرک: بارش کے باعث گھروں کی چھتیں گرنے سے خاتون اور دو بچے جانبحق

خیبر ملاگوری کے علاقے لورہ مینہ میں آج صبح کمرے کی چھت گرنے سے ایک حافظہ قرآن خاتون جانبحق ہو گئیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق، بارش کے باعث گھر کی چھت گر گئی۔ ریسکیو 1122 کی ٹیم نے فوری طور پر انہیں مقامی ہسپتال منتقل کیا تاہم وہ ہسپتال پہنچنے سے قبل ہی جاںبحق ہو گئیں۔
واضح رہے کہ مرحومہ حافظہ قرآن اور معلمہ تھیں اور اپنے گھر میں مدرسہ بھی چلا رہی تھیں۔
دوسری جانب کرک کے علاقے ٹیری میں بھی بارش کے دوران کچے مکان کی چھت گرنے سے دو بچے جاںبحق جبکہ ایک خاتون اور ایک بچہ شدید زخمی ہو گئے۔ ڈی ایس پی بانڈہ داؤد شاہ جاوید حسن نے بتایا کہ چھت گرنے کے باعث سات سالہ محمد اور چار سالہ اقراء موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ ان کی ماں اور ایک بھائی زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر ایمبولینس کے ذریعے کوہاٹ منتقل کیا جا رہا ہے۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ افغان مہاجر کے گھر میں پیش آیا۔ چھت گرنے کے بعد مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت ملبے تلے دبے بچوں اور خاتون کو نکالنے کی کوشش کی۔