مردان میں پیکا ایکٹ کے تحت پہلا مقدمہ درج

مردان میں پریس کلب اور اس کے اراکین کے خلاف سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈہ پھیلانے پر پیکا ایکٹ کے تحت پہلا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ تھانہ سٹی میں یہ مقدمہ پریس کلب کے صدر اور جنرل سیکرٹری کی مدعیت میں درج ہوا، جنہوں نے الزام عائد کیا کہ زاہد نامی شہری سوشل میڈیا پر ان کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کر رہا تھا۔
تفصیلات کے مطابق، زاہد نامی شہری کئی سالوں سے مردان پریس کلب اور اس کے معزز اراکین کے خلاف سوشل میڈیا کی مختلف آئی ڈی کے ذریعے منفی پروپیگنڈہ پھیلا رہا تھا۔ اس سلسلے میں پریس کلب کے صدر اور جنرل سیکرٹری نے ڈی پی او مردان ظہور بابر آفریدی کو تحریری درخواست پیش کی، جس میں ان الزامات کے ثبوت بھی فراہم کئے گئے۔
ڈی پی او مردان نے درخواست کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی سٹی شفیع الرحمن کو قانونی کارروائی کے لئے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ ایس ایچ او سٹی عبدالسلام خان نے درخواست پر عملدرآمد کرتے ہوئے پیکا ایکٹ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا۔
یہ ضلع مردان میں پیکا ایکٹ کے تحت سٹی پولیس اسٹیشن میں پریس کلب کی جانب سے درج ہونے والا پہلا مقدمہ ہے۔ ایف آئی آر کے بعد مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔