ہنگو سٹی پولیس کی کارروائی: 07 کروڑ روپے کی غیر قانونی رقم برآمد، دو ملزمان گرفتار
ہنگو سٹی پولیس نے رواں سال کی سب سے بڑی کارروائی میں 07 کروڑ روپے کی غیر قانونی رقم برآمد کی ہے۔ یہ رقم حوالہ ہنڈی کے غیر قانونی کاروبار سے جڑی ہوئی تھی، جسے مختلف شہروں اور سرحد پار منتقل کیا جا رہا تھا۔
تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی کوہاٹ ریجن عباس مجید مروت کی خصوصی ہدایات پر اور ڈی پی او محمد خالد خان کی نگرانی میں پولیس نے 4 فروری 2025 کی رات 7 سے 9 بجے کے درمیان ضلع بھر کے اہم مقامات پر ناکہ بندی کی۔ اسی دوران ایس ڈی پی او سٹی امجد حسین اور ایس ایچ او سٹی فیاض خان کی قیادت میں پولیس نے ایک مشکوک ریوو گاڑی کو رکنے کا اشارہ دیا۔ تاہم، گاڑی کے ڈرائیور نے رکنے کے بجائے گاڑی بھگا لی۔
پولیس ٹیم نے فوراً گاڑی کا تعاقب شروع کیا اور حکمت عملی کے تحت ابراہیم زئی مین روڈ پر گاڑی کو روک لیا۔ گاڑی میں دو افراد سوار تھے، جن کی شناخت محمد رفیق اور نصیل اکبر کے طور پر ہوئی، جو بالترتیب ضلع کرم اور ضلع اورکزئی کے رہائشی ہیں۔
تلاشی کے دوران پولیس نے گاڑی کی باڈی میں چھپائی گئی 07 کروڑ روپے کی پاکستانی کرنسی برآمد کی۔ برآمد شدہ رقم کے بارے میں ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا کہ یہ رقم حوالہ ہنڈی کے غیر قانونی کاروبار کا حصہ تھی، جو دہشت گردی، منی لانڈرنگ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے لیے استعمال کی جا سکتی تھی۔
دونوں ملزمان کو موقع پر ہی حراست میں لے لیا گیا اور مزید قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے کوہاٹ کے حوالے کر دیا گیا۔ پولیس نے گاڑی اور برآمد شدہ رقم بھی ایف آئی اے کے حوالے کر دی، تاکہ اس نیٹ ورک کی مزید تحقیقات کی جا سکیں۔