کرم: فریقین کے درمیان آج امن معاہدہ ہونے کا قوی امکان
امن معاہدے پر ایک فریق پہلے ہی دستخط کر چکا ہے، امن معاہدے کے تحت ضلع کو اسلحے سے پاک اور بنکرز کا خاتمہ کیا جائے گا۔ ذرائع
کرم میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے کوہاٹ میں ہونے والا گرینڈ جرگہ آج ایک بار منعقد ہونے جا رہا ہے، اور قوی امکان ہے کہ آج جرگہ حتمہ فیصلے پر پہنچے گا اور دوسرے فریق کی جانب سے بھی امن معاہدے پر دستخط کر دیئے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق کوہاٹ گرینڈ جرگہ ایک فریق کی درخواست پر بدھ تک ملتوی کیا گیا تھا کیونکہ فریق کے 3 عمائدین گزشتہ روز کوہاٹ نہیں پہنچ سکے تھے؛ ایک رکن پشاور میں تھا جبکہ 2 اراکین خاندان میں اموات کے باعث کوہاٹ نہیں پہنچ سکے تھے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ جرگے کی نشست محولہ بالا فریق کے کہنے پر ملتوی کی گئی تھی۔ ذرائع کا یہ بھی اصرار تھا کہ جرگہ میں فریقین کے درمیان کوئی ڈیڈلاک نہیں، دونوں تقریباً تمام نکات پر متفق ہیں اور آج فریقین کے درمیان امن معاہدہ ہونے کا قوی امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بنوں: پولیس وین پر دھماکہ؛ سب انسپکٹر سمیت چھ اہلکار زخمی
ذرائع کے مطابق امن معاہدے پر ایک فریق پہلے ہی دستخط کر چکا ہے، امن معاہدے کے تحت ضلع کو اسلحے سے پاک اور بنکرز کا خاتمہ کیا جائے گا، علاقے میں کہیں بھی دہشتگردی ہوئی تو حکومت کارروائی کرے گی۔
ترجمان کے پی حکومت بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت تنازعہ کے پائیدار اور دیرپا حل کے لیےکوشاں ہے، وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کی کی کوششوں سے سو سالہ پرانا تنازعہ پائیدار حل کے قریب ہے، اپیکس کمیٹی کے فیصلے کے مطابق علاقے کو اسلحے سے پاک کیا جائے گا۔