خیبر پختونخوا: ضلع کرم میں قیام امن کے لیے کوہاٹ میں جاری گرینڈ امن جرگہ میں فریقین کے درمیان معاہدے کو تقریباً حتمی شکل دے دی گئی۔
ذرائع نے اب دعویٰ کیا ہے کہ کوہاٹ گرینڈ جرگے میں مشران نے دستخط کر دے ہیں، ایک فریق کے چند افراد آج دستخط کریں گے جبکہ کمشنر کوہاٹ آفس میں جرگہ حتمی فیصلے کا اعلان بھی کرے گا۔
اِس سے قبل ذرائع نے کہا تھا کہ جمعہ کو کوہاٹ فورٹ میں منعقدہ گرینڈ امن جرگہ میں سرکاری حکام نے بھی شرکت کی تھی، جرگہ میں فریقین کے درمیان معاہدے کو تقریباً حتمی شکل دے دی گئی تھی۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ فریقین کے دستخط کے بعد ممکنہ طور پر آج دن 11 بجے تک فیصلہ متوقع ہے۔
مجوزہ معاہدے کے مطابق دونوں فریق بھاری ہتھیار حکومت کو دینے پر آمادہ ہو گئے ہیں۔ گزشتہ روز ضلع کرم کے علاقے مقبل میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے متاثرین کے لیے ادویات اور دیگر ضروری سامان پہنچایا گیا۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق ہیلی کاپٹر کے ذریعے مریضوں سمیت پھنسے ہوئے 40 افراد کو منتقل کیا گیا۔
یاد رہے کہ ضلع کرم میں پاراچنار پشاور مرکزی شاہراہ، اور پاک افغان سرحد سمیت اپر کرم کے متعدد راستے ڈھائی ماہ سے بند ہیں۔ پارا چنار سمیت اپر کرم کے سو سے زائد دیہات میں اشیائے خوردونوش، ادویات، پیٹرول سمیت ضروری اشیا کی قلت ہے۔ راستوں کی بندش کے خلاف کرم پریس کلب کے باہر 9 روز سے، جبکہ سلطان، گوساڑ اور چنارآباد سمیت دیگر مقامات پر بھی احتجاجی دھرنے دیئے جا رہے ہیں۔