کم آمدنی والے افراد کو گھر کی تعمیر کیلئے بلاسود قرضوں کی فراہمی کی سکیم کا افتتاح
احساس اپنا گھر اسکیم پر عمل درآمد کیلئے محکمہ ہاؤسنگ اور بینک آف خیبر کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط، سکیم کے تحت کم آمدن والے افراد کو نئے گھر کی تعمیر یا موجودہ گھر کی توسیع و مرمت کیلئے 15 لاکھ روپے تک کے بلادسود قرضے دیئے جائیں گے۔
خیبر پختونخوا حکومت نے کم آمدنی والے افراد کو گھر کی تعمیر یا مرمت کیلیے بلاسود قرضوں کی فراہمی کی اسکیم کا افتتاح کر دیا؛ احساس اپنا گھر اسکیم پر عمل درآمد کے لیے محکمہ ہاؤسنگ اور بینک آف خیبر کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہو گئے، اسکیم کے تحت کم آمدن والے افراد کو نئے گھر کی تعمیر یا موجودہ گھر کی توسیع و مرمت کیلئے 15 لاکھ روپے تک کے بلادسود قرضے دیئے جائیں گے۔
مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کی تقریب وزیر اعلی ہاوس میں منعقد کی گئی جس میں وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور مہمان خصوصی تھے۔
احساس اپنا گھر اسکیم جو ریوالونگ فنڈز سسٹم کے تحت آئندہ 7 برسوں تک جاری رہے گی، اس پر 4 ارب روپے کی لاگت آئے گی۔ قرضوں کی واپسی کیلئے 7 برسوں پر مشتمل آسان شیڈول تجویز کیا گیا ہے، اور واپسی کی ماہانہ قسط زیادہ سے زیادہ 18 ہزار روپے تک ہو گی۔ سکیم کے تحت قرضوں کے حصول کے لئے اپنی ملکیتی زمین کا ہونا ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: فائنل کال میں ناکامی: پی ٹی آئی کے پاس اب کیا آپشنز باقی ہیں؟
تقریب سے اپنے خطاب میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ لوگوں کو رہائش کی معیاری سہولیات کی فراہمی موجودہ صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ احساس اپنا گھر اسکیم کا اجراء اس سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔ یہ موجودہ صوبائی حکومت کا ایک اور فلاحی منصوبہ ہے۔
علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ اس پروگرام کے تحت صوبے کے کم آمدنی والے لوگوں کو معیاری رہائشی سہولیات فراہم کرنے کے لئے بلاسود قرضے فراہم کئے جائیں گے۔ اس پروگرام پر عملدرآمد سے نہ صرف کم آمدنی والے لوگوں کو رہائش کی معیاری سہولیات فراہم ہوں گی بلکہ ان کے سماجی اور معاشی حالات کو بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔ اسکیم کے تحت بلاسود قرضوں کی فراہمی کے عمل میں شفافیت کو ہر لحاظ سے یقینی بنایا جائے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ یہ قرضے صرف حقدار لوگوں کو ملیں۔ احساس پروگرام کے تحت صوبائی حکومت نے دیگر فلاحی منصوبے بھی شروع کئے ہیں جن میں احساس نوجوان، احساس ہنر اور احساس روزگار شامل ہیں۔