خیبر پختونخوا

وومن اینڈ چائلڈ پروٹیکشن یونٹ سے نوشہرہ پولیس کو کیا امیدیں وابستہ ہیں؟

خیبر پختونخوا پولیس کے پاس موجود ریکارڈ کے مطابق گزشتہ پانچ سالوں کے دوران بچوں پر تشدد کے 3598 کیسز درج ہوئے جبکہ خواتین پر تشدد کے 8299 واقعات رپورٹ ہوئے۔

خواتین اور بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی اور جرائم کو رپورٹ کرنے کے لئے خیبر پختونخوا پولیس کی جانب سے ضلع نوشہرہ میں صوبے کا پہلا وومن اینڈ چائلڈ پروٹیکشن یونٹ قائم کر دیا گیا۔

خیبر پختونخوا میں خواتین اور بچوں کے ساتھ ہونے والی زیادتی کے بیشتر کیسز میں متاثرہ فیملیز سماجی روایات اور کلچر کے باعث رپورٹ کرنے سے کتراتی ہیں، اور شاید اسی لئے خیبر پختونخوا کے ضلع نوشہرہ میں باقاعدہ ایک وومن اینڈ چائلڈ پروٹیکشن یونٹ قائم کر دیا گیا ہے تاکہ لوگ زیادہ سے زیادہ ان کیسز کو نہ صرف رپورٹ کر سکیں بلکہ ان کے لئے آسانی بھی پیدا کی جا سکے۔

خیبر پختونخوا پولیس کے پاس موجود ریکارڈ کے مطابق گزشتہ پانچ سالوں کے دوران بچوں پر تشدد کے 3598 کیسز درج ہوئے جبکہ خواتین پر تشدد کے 8299 واقعات رپورٹ ہوئے۔ گزشتہ برس بچوں پر تشدد کے 924 کیسز درج ہوئے تھے۔ 2022 میں 844، 2021 میں 827، 2020 میں 473، جبکہ 2019 میں بچوں پر تشدد کے 530 واقعات رپورٹ کئے گئے تھے۔

اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نوشہرہ اظہر خان نے بتایا کہ وومن اینڈ چلڈرن پروٹیکشن یونٹ اپنی نوعیت کا صوبے کا پہلا یونٹ ہے جس کا مقصد ایسی خواتین اور بچوں کو، جن کے ساتھ زیادتی، جنسی تشدد یا دیگر جرائم ہوتے ہیں جن کو رپورٹ کرنے میں انہیں مشکلات درپیش ہوتی ہیں، آسانی فراہم کرنا ہے۔ یونٹ کا تمام عملہ خواتین اہلکاروں ہے۔ بچے، یا پھر خواتین زنانہ سٹاف کو اپنے ساتھ ہونے والی زیادتیاں اور جرائم آسانی کے ساتھ بیان کر سکتی ہیں کیونکہ خواتین مرد سٹاف کے سامنے اپنے مسائل کھل کر بیان کرنے میں ہچکچاتی ہیں۔ اکثراوقات اسی باعث خواتین اور بچوں کیخلاف جرائم رپورٹ نہیں ہوتے۔ اس کے علاوہ یونٹ میں ڈے کیئر سنٹر زنانہ سٹاف اور اُن خواتین کے لئے قائم کیا گیا ہے جو اپنے بچوں کو دیکھ بھال کے لئے گھر نہیں چھوڑ سکتیں۔

ڈی پی او نوشہرہ کے مطابق جتنی بھی درخواستیں آئیں گی ان کی ای ٹیگنگ ہو گی اور اں پر قانونی کاروائی کی جائے گی اور روزانہ کی بنیاد پر ڈی پی او آفس بھیجی جائیں گی۔ اس کے علاوہ خواتین اور بچوں کی میڈیکل اور لیگل سہولت کے لئے الگ گاڑی کا بندوبست کیا گیا ہے تاکہ وہ اسپتال یا جہاں جرم ہوا ہے وہاں فوری طور پر پہنچ سکیں۔ وومن اینڈ چائلڈ پروٹیکشن یونٹ سماجی تحفظ کیلئے ایک اہم قدم ہے جس سے خواتین اور بچوں کو ایک محفوظ ماحول فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔

Show More

Hassam Uddin

حسام الدین صحافت میں 15 سال کا وسیع تجربہ رکھتے ہے۔ انہوں نے قومی اور بین الاقوامی میڈیا تنظیموں کے ساتھ کام کیا ہے، جہاں انہوں نے پاکستان اور افغانستان میں جنگ اور دہشت گردی سے متعلق خبریں کور کی ہیں۔ ان کی مہارت میں پارلیمانی رپورٹنگ بھی شامل ہے۔

متعلقہ پوسٹس

Back to top button