خیبر پختونخواعوام کی آواز
مانسہرہ: ہزارہ ایکسپریس وے پر حادثے میں پولیس اہلکار جانبحق، دوسرا زخمی
ضلع مانسہرہ کے قریب ہزارہ ایکسپریس وے پر حادثے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار جانبحق اور دوسرا زخمی ہو گیا۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب دونوں پولیس اہلکار سڑک پر خراب گاڑی کو مدد فراہم کر رہے تھے۔
حادثے میں سب انسپیکٹر شبیر احمد جانبحق جبکہ ہیڈ کانسٹیبل سہیل ملک زخمی ہو گئے ہیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ پک اپ ڈرائیور کی غفلت کی وجہ سے پیش آیا۔
حادثے کے فوراً بعد دونوں کو ڈی ایچ کیو بٹگرام منتقل کیا گیا، جہاں سب انسپیکٹر شبیر احمد کو ایبٹ آباد کے اے ایم سی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انکی موت واقع ہو گئی۔ ڈاکٹروں کے مطابق ان کی موت کی وجہ متعدد فریکچرز اور اندرونی چوٹیں تھیں۔
غفلت کا مظاہرہ کرنے والے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔