پشاور: افغان شہریوں کا جعلی پاکستانی شناختی کارڈ پر بیرون ملک جانے کا انکشاف، 34 افراد گرفتار
ایف آئی اے نے 34 افغان شہریوں کو پاکستان سے جعلی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے ذریعے بیرون ملک جانے کی کوشش پر گرفتار کر لیا ہے۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے رضوان شاہ کے بیان کے مطابق یہ ملزمان غیر قانونی طریقے سے چمن کے راستے پاکستان میں داخل ہوئے تھے اور نادرا کے میگا سنٹر میں دو مشتبہ غیر ملکیوں کی گرفتاری کے بعد مزید تحقیقات کے لئے چھاپہ مارا گیا۔
چھاپے کے دوران ایک ہاسٹل سے مزید 32 غیر ملکی گرفتار کئے گئے۔ ملزمان کے قبضے سے پاکستانی جعلی شناختی کارڈز، افغان تزکرہ، اور افغان پاسپورٹ برآمد ہوئے ہیں۔ گرفتار ہونے والے غیر ملکیوں میں نوجوان اور کم عمر لڑکے بھی شامل ہیں، جو مبینہ طور پر ایجنٹس کی مدد سے پاکستانی دستاویزات حاصل کر رہے تھے۔
ایف آئی اے کے مطابق یہ ملزمان پاکستانی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کا استعمال کر کے خلیجی ممالک جانے کا ارادہ رکھتے تھے۔ رضوان شاہ نے مزید بتایا کہ ایجنٹ کی گرفتاری کے لئے مزید چھاپے مارے جا رہے ہیں اور نادرا و پاسپورٹ آفس کے ملازمین کے ملوث ہونے کا بھی تفتیش کے دوران تعین کیا جائے گا۔