خیبرپختونخوا اسمبلی میں پولیس ترمیمی بل 2024 پیش
خیبرپختونخوا اسمبلی کے حالیہ اجلاس میں صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم نے پولیس ترمیمی بل 2024 پیش کیا۔ اس بل میں انڈیپینڈنٹ پولیس کمپلینٹ اتھارٹی کے قیام کی تجویز دی گئی ہے۔
بل کے مطابق، پولیس کمپلینٹ اتھارٹی کے پاس یہ اختیار ہوگا کہ وہ پولیس افسران کو سزائیں دے سکے۔ یہ اتھارٹی ایک چیئرمین اور پانچ ممبران پر مشتمل ہوگی، جس کا مرکزی دفتر صوبائی دارالحکومت پشاور میں قائم کیا جائے گا، جبکہ ہر ریجن میں بھی ایک دفتر قائم کیا جائے گا۔
مزید برآں، بل کے سیکشن 17 کے تحت پولیس کی تقرری اور تبادلوں کا اختیار وزیر اعلیٰ کو دیا گیا ہے، اگر وہ چاہیں تو یہ اختیارات آئی جی کے حوالے بھی کر سکتے ہیں۔ گریڈ 17 اور 18 کے پولیس آفیسرز کے تبادلے کی ذمہ داری آئی جی پی کے پاس ہوگی، اور پولیس کے تبادلے اور تعیناتیاں خیبرپختونخوا رولز آف بزنس 1985 کے تحت ہوں گی۔
اس ترمیمی بل میں سیکشن 2، 7، 8، اور 9 سمیت مختلف سیکشنز میں ترمیم کی گئی ہے، اور خیبرپختونخوا پولیس ایکٹ 2017 کے سیکشن 26 اور 27 سمیت کئی سیکشنز کو مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے۔