محسود پریس کلب اور گومل سکاؤٹس کا مشترکہ اقدام, شارٹ ڈاکومینٹری مقابلے کی شاندار تقریب
محسود پریس کلب جنوبی وزیرستان اور گومل سکاوٹس کے اشتراک سے گومل زام ڈیم شارٹ ویڈیو ڈاکومینٹری مقابلے کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ اس تاریخی تقریب کے مہمان خصوصی سٹیشن کمانڈر بریگیڈیئر عامر حیات، کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان جبار شاہ، کمانڈنٹ گومل سکاوٹس اور ڈین گومل میڈیکل کالج ڈاکٹر نسیم صباء نے مقابلے میں جیتنے والے شرکاء میں انعامات تقسیم کئے۔
اس منفرد دستاویزی فلم مقابلے میں پہلی پوزیشن آفاق برکی نے حاصل کی، دوسری پوزیشن نعیم عباس کے حصے میں آئی جبکہ تیسری پوزیشن نعمان شیخ نے حاصل کی۔ خواتین کی کیٹگری میں علینہ اختر اور بچوں کی کیٹگری میں ہمدان محسود کو خصوصی ایوارڈز سے نوازا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی سٹیشن کمانڈر اور کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان نے کہا کہ اس قسم کے مقابلے نوجوانوں کے تخلیقی کام کو اُجاگر کرتے ہیں اور ان کی صلاحیتوں کو ملک کی ترقی کے لیے استعمال کرنے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔
ڈیرہ اسماعیل خان پریس کلب کے صدر لالا یاسین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایسے مقابلوں سے نوجوانوں میں تحقیق، تخلیقی صلاحیتوں اور معیار کو بہتر بنانے کا رجحان فروغ پاتا ہے جو کہ آج کے صحافتی میدان میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
محسود پریس کلب کے صدر فاروق محسود نے تقریب کے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پریس کلب کی ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن کے صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل کے لئے ایسے مواقع فراہم کئے جائیں۔ انہوں گومل سکاوٹس اور ایف سی ہیڈکوارٹر ساؤتھ کا بھی شکریہ ادا کیا کہ جن کے تعاون سے یہ مقابلہ ممکن ہوا۔
تقریب میں سول اور عسکری حکام کے علاوہ علاقائی عمائدین، نوجوان اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جس سے تقریب کی رونق میں اضافہ ہوا۔