سوات، غیر ملکی سفارت کاروں کے قافلے پر حملے کی تحقیقات کے لئے کمیٹی قائم
خیبرپختونخوا حکومت نے سوات کے علاقہ مالم جبہ میں غیر ملکی سفارت کاروں کے قافلے پر حملے کی تحقیقات کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی حکومت کی جانب سے تحقیقات کے لیے دو رکنی کمیٹی قائم کردی گئی ہے، جس میں ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن اور اسپشل سیکرٹری داخلہ شامل ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ کمیٹی واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کرے گی اور تحقیقات کے بعد تفصیلی رپورٹ بھی تیار کر کے صوبائی حکومت کو جمع کرائے گی۔
یاد رہے کہ 22 ستمبر کو سوات میں غیر ملکی سفارتکاروں کے قافلے پر حملہ ہوا تھا، واقعہ میں ایک پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ 3 اہلکار زخمی ہو گئے تھے، خوش قسمتی سے حملے میں تمام غیر ملکی سفارتکار محفوظ رہے۔
اس واقعے کے بعد صوبائی حکومت کا بیان سامنے آیا تھا کہ غیر ملکی سفارتکاروں کی آمد کی خبر صوبائی حکومت کو نہیں دی گئی تھی، جس کے ردعمل میں دفتر خارجہ نے بیان جاری کیا کہ سفارتکاروں کے دورہ سے صوبائی حکومت آگاہ تھی۔