لکی مروت میں بدامنی کے خلاف پولیس اہلکار سراپا احتجاج
غلام اکبر مروت
لکی مروت میں پولیس اہلکاروں نے بدامنی کے خلاف احتجاج شروع کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ آئے روز پولیس پر حملے ہو رہے ہیں۔ سیکیورٹی فورسز اور دیگر ایجنسیاں بدامنی کنٹرول کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہیں۔
پولیس اہلکاروں کا کہنا ہے کہ پولیس پر مسلسل حملوں کے خلاف پولیس اہلکار احتجاج پر مجبور ہوئے ہیں۔ پولیس اہلکاروں نے ڈیوٹیاں چھوڑ کر احتجاج شروع کردیا تو دفتری اہلکاروں نے بھی ڈیوٹیاں چھوڑ کر احتجاج میں شریک ہونا شروع کر دیا ہے۔
پولیس ملازمین نے اپنے خطاب میں کہا کہ پولیس فورس کو با اختیار بنایا جائے۔ موجودہ حکومت اور افسران پولیس جوانوں کو تحفظ دینے میں ناکام رہے ہیں۔ انہوں زور دیکر مطالبہ کیا ہے کہ تمام خفیہ ادارے فوری طور پر کنٹرول روم اور پولیس لائن سے نکل جائیں۔
مظاہرین نے فوج اور پولیس افسران کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ بعد ازاں احتجاجی پولیس اہلکاروں نے پولیس لائن سے نکل کر پشاور کراچی انڈس ہائی وے پر احتجاج شروع کردیا ہے۔