خیبر پختونخواعوام کی آواز

پشاور ہائیکورٹ اور اس کے ماتحت عدالتوں میں زیر التواء مقدمات کی تعداد 3 لاکھ سے تجاوز کر گئی

حسام الدین

پشاور ہائیکورٹ اور اس کے ماتحت عدالتوں میں انصاف کے منتظر زیر التواء مقدمات کی تعداد 3 لاکھ 13 ہزار سے تجاوز کر گئی۔ پشاور ہائیکورٹ اور ماتحت عدالتوں میں جنوری 2018 سے اپریل 2024 تک 33 لاکھ 28 ہزار 472 مقدمات داخل ہوئیں۔ جن میں 32 لاکھ 34 ہزار 351 مقدمات کو نمٹایا جا چکا ہے ۔

مقدمات کی پیروی کے لئے سائلین آئے روز عدالت کے چکر لگاتے ہیں مگر پھر بھی کیس کی پیروی میں سالوں سال لگ جاتے ہیں۔ عدالتوں میں دہشتگردی، قتل ،اقدام قتل، چوری راہزنی،جائیداد اور فیملی کورٹس اور دیگر جرائم کے کیسز میں سے بیشتر ایسے بھی ہیں جو کئی سالوں سے زیر التوا چلے آرہے ہیں۔ رواں سال زیر التوا کیسز کی تعداد تین لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔

اس وقت پشاور ہائیکورٹ میں چیف جسٹس سمیت ججز کی تعداد 14 ہے جبکہ 6 ججز کی کمی کا سامنا ہے۔ قبائلی اضلاع کا خیبرپختونخوا میں انضمام سے متعلق سرتاج عزیز کی سربراہی میں قائم کمیشن رپورٹ میں وعدہ کیا گیا تھا کہ قبائیلی اضلاع کا انضمام کے بعد پشاور ہائیکورٹ پر مقدمات کا بوجھ بڑھے گا اس کیلئے ہائیکورٹ میں مزید 10ججز کی آسامیاں تخلیق کی جائینگی تاکہ انصاف کی فوری فراہمی میں تاخیر نہ ہو، تاہم 6 سال گزرنے کے باوجود پشاور ہائیکورٹ کیلئے نئی ججز کی آسامیاں تخلیق نہیں کی گئی۔

اعداد و شمار پشاور ہائیکورٹ میں رواں سال تک زیرالتواء مقدمات کی تعداد 41 ہزار 337 رہی جبکہ ضلعی عدالتوں میں یہ تعداد 2 لاکھ 72 ہزار 316 ریکارڈ کی گئی۔ جنوری 2018ء میں پشاور ہائیکورٹ میں زیر التواء مقدمات کی تعداد 27 ہزار 989 تھی جنوری 2018ء سے اپریل 2024 تک پشاور ہائیکورٹ میں ایک لاکھ 79 ہزار 27 مقدمات دائر ہوئے جبکہ اسی عرصہ کے دوران ایک لاکھ 73 ہزار 68 مقدمات کو نمٹایا جا چکا ہے۔ ضلعی عدالتوں میں جنوری 2018 ء میں زیر التواء مقدمات کی تعداد 2 لاکھ 44 ہزار 56 تھی۔

جنوری 2018ء سے اپریل 2024ء کے دوران ضلعی عدالتوں میں مختلف نوعیت کے33 لاکھ 28 ہزار 472 مقدمات دائر ہوئے جبکہ اسی عرصہ کے دوران 30 لاکھ 61 ہزار 283 مقدمات کو نمٹایا جا چکا ہے۔ رواں سال ماہ جنوری سے اپریل تک پشاور ہائیکورٹ میں دائر مقدمات سے نمٹائے جانے والے مقدمات کی شرح زیادہ ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ ضلعی عدالتوں میں نمٹائے جانے والے مقدمات سے دائر ہونے والے مقدمات کی شرح زیادہ ریکارڈ کی گئی ہے۔

رواں سال چار ماہ کے دوران پشاور ہائیکورٹ میں 10 ہزار 162 نئے مقدمات دائر کئے گئے اور اسی عرصہ کے دوران 10 ہزار 813 مقدمات کو نمٹایا جا چکا ہے۔

دستاویزات کے مطابق ضلعی عدالتوں میں رواں سال جنوری سے اپریل کے دوران 1 لاکھ 69 ہزار 251 مقدمات دائر ہوئے جبکہ اسی عرصہ کے دوران نمٹائے جانے والے مقدمات کی تعداد 1 لاکھ 76 ہزار 642 رہی۔

پشاور ہائیکورٹ کے بار ایسو سی ایشن کے مطابق اسلام آباد میں مقدمات کا بوجھ کم کرنے کےلیے ایڈہاک ججز کو شامل کیا گیا ہے جبکہ خیبر پختونخوا سمیت پشاور کے وکلاء کئی سالوں سے ججز کی تعداد کو بڑھانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

 

Show More

Hassam Uddin

حسام الدین صحافت میں 15 سال کا وسیع تجربہ رکھتے ہے۔ انہوں نے قومی اور بین الاقوامی میڈیا تنظیموں کے ساتھ کام کیا ہے، جہاں انہوں نے پاکستان اور افغانستان میں جنگ اور دہشت گردی سے متعلق خبریں کور کی ہیں۔ ان کی مہارت میں پارلیمانی رپورٹنگ بھی شامل ہے۔

متعلقہ پوسٹس

Back to top button