ٹماٹر کی سپلائی بند، ٹماٹر آتے کہاں سے ہیں؟
پشاور کے ڈپٹی کمشنر نے صوبے کے دیگر اضلاع کو ٹماٹر سپلائی کرنے پر دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے احکامات جاری کیے کہ اگلے دس دن کے لئے پشاور سے دیگر اضلاع ٹماٹر کی سپلائی پر پابندی ہوگی۔
اس سلسلے میں آج ڈپٹی کمشنر پشاور کی جانب اعلامیہ جاری کیا ہے، جس کے مطابق کسی بھی شخص یا ادارے کو ٹماٹر دیگر اضلاع لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ خلاف ورزش کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ پشاور میں ٹماٹر کی پیداوار نہیں ہوتی اور خیبر پختونخوا کے دیگر اضلاع سے پشاور کی سبزی منڈیوں میں ٹماٹر کو سپلائی کیا جاتا ہے۔ اس پابندی کے بعد اگر ٹماٹر پشاور کی بجائے ڈائریکٹ خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع کی منڈیوں میں سپلائی شروع ہوجائے تو یہاں ٹماٹر کا بحران مزید بڑھ جائے گا۔
دوسری جانب آل پاکستان منڈیوں کی فیڈریشن کے صدر ملک سوہنی کے مطابق ڈپٹی کمشنر پشاور کی جانب سے لگائی دفعہ 144 کی کوئی حیثیت نہیں رہتی کیونکہ پشاور کی منڈیوں میں صوبے کے دیگر اضلاع کے ٹماٹر سپلائی ہوتے ہیں جبکہ صوبے میں پیدا ہونے والے ٹماٹر بھی صوبے کی ضرورت کو پورا نہیں کرتے اس لئے سندھ سے یہاں ٹماٹر سپلائی کیا جاتا ہے اور اس کے بعد افغانستان اور پھر ایران سے ضرورت پوری کرنے کے لئے ٹماٹر منگوائیں جاتے ہیں۔
فی کلو ٹماٹر کی قیمت کیا ہے؟
خیال رہے کہ عیدالاضحی کے قریب آتے ہی پشاور میں لال ٹماٹر کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے ایک دن میں فی کلو ٹماٹر کی قیمت میں سو روپے کے بعد مارکیٹ میں فی کلو ٹماٹر دو سو روپے کلو فروخت ہورہے ہیں۔