جرائمخیبر پختونخوا

ڈی آئی خان میں مردم شماری کرنے والے ٹیم پر فائرنگ، پولیس اہلکار جاں بحق، شمالی وزیرستان میں فورسز کی کاروائی

ڈیرہ اسماعیل خان میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے مردم شماری ٹیم کے سکیورٹی پر مامور ایک پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا ہے۔

تھانہ درابن پولیس کے مطابق ڈیجیٹل مردم شماری کی ٹیم آج دوپہر گرہ مستان کے علاقے میں اپنی ڈیوٹی نبھا رہی تھی کہ اس دوران دہشت گردوں نے ان پر فائرنگ کھول دی۔ فائرنگ اے ایس آئی حیات اور سپاہی گل فراز لگ کر زخمی ہوگئے جن میں گل فراز بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔ واقعہ میں ٹیم کے دیگر افراد محفوظ رہے۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں ڈیجیٹل مردم شماری کے عمل کا آغاز یکم مارچ سے ہوا ہے اور ایک مہینے تک جاری رہے گا۔ اس دوران ٹیموں کی سکیورٹی کے لئے پولیس کے ساتھ ساتھ فوج کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں۔

شمالی وزیرستان میں فورسز کی کاروائی

دوسری جانب شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 6 عسکریت پسند مارنے کا دعویٰ کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کےمطابق سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کےضلع دتہ خیل میں انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کیا جس دوران فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں 6 دہشتگرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک افراد سکیورٹی فورسز اور شہریوں پر دہشتگرد حملوں میں ملوث تھے، ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا  ہے۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button