ٹانک: پولیو بائیکاٹ کا بائیکاٹ، بچوں کو قطرے پلوا دیئے گئے
ٹانک: سول لائن کی محسود برادری نے سابق سینٹر صالح شاہ، جمعیت علماء اسلام (ف) اور پشتون تحفظ موومنٹ کے پولیو بائیکاٹ کی نفی کرتے ہوئے ملکی سالمیت اور بچوں کے محفوظ مستقبل کیلئے اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا دیئے، محسود برادری کے مطابق اپنے بچوں کی زندگی اور ان کے روشن اور صحت مند مسقبل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
زرائع کے مطابق سابق سینیٹر صالح شاہ نے 21 اگست کو سراروغہ میں ایک جرگہ کیا تھا جس میں جمیعت علماء اسلام (ف) کے کارکنان کے علاوہ پشتون تحفظ موومنٹ کے سرکردہ افراد نے بھی شرکت کی تھی۔
جرگہ کے بعد سینٹر صالح شاہ نے محسود قوم کا نام استعمال کرتے ہوئے اپنی تقریر میں کہا تھا کہ درے محسود آئندہ پولیو کمپین کا بائیکاٹ کرے گا جس پر درے محسود کے سرکردہ مشران نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا اور بحیثیت قوم پولیو بائیکاٹ سے ہر قسم کی لا تعلقی کا اعلان کر دیا۔
21 اگست کی شام کو محسود قبیلے سے تعلق رکھنے والے سینیٹر دوست محمد نے بھی سابق سینٹر صالح شاہ کے اس اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صالح شاہ یا جمیعت علمائے اسلام (ف) محسود قوم کے نمائندہ نہیں اور وہ بحثیت محسود اس بیان کی شدید مذمت کرتے ہیں، انہوں نے اس بیان کو محسود قوم سے دشمنی قرار دیا۔
آج 22 اگست کو ضلع ٹانک کے محلہ سول لائن میں رہنے والے محسود خاندانوں نے ملک فضل الرحمن محسود کی سربراہی میں اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلوائے اور علی الاعلان پولیو بائیکاٹ سے لاتعلقی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر محسود مشران کا کہنا تھا کہ سینیٹر صالح شاہ کے ایک ذاتی بیان سے محسود قوم کا کوئی تعلق نہیں ہے بلکہ جمیعت علماء (ف) کے سربراہ مولانا فظل الرحمن نے بھی پولیو بائیکاٹ کو پارٹی پالیسی کے برعکس قرار دیا ہے۔
ٹانک میں محسود خاندانوں نے اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلوائے اور کہا کہ بچوں کی صحت کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے۔