دیر لوئر میں پولیس گاڑی پر بم دھماکہ، چار اہلکار زخمی
دیر لوئر میں پولیس کی گاڑی پر بم دھماکے میں چار اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔
پولیس کے مطابق آج بروز اتوار صبح تحصیل لعل قلعہ کے کے بشگرام روڈ پر ایلیٹ فورس کی تین موبائل وینز معمول کے گشت پر تھیں کہ اسی دوران دارو جبگی گاوں کے قریب ان پر پہلے سے نصب شدہ بارودی مواد کا دھماکہ ہو گیا۔
حادثہ کے نتیجے میں گاڑی کو نقصان پہنچا ہے جبکہ اس میں موجود چار اہلکار ہیڈ کانسٹیبل ناصر خان، سپاہی محمد اسلام، سپاہی حیات زادہ اور سپاہی باروز خان زخمی ہوگئے جنہیں مقامی ہسپتال پہنچایا گیا۔
ڈاکٹروں کے مطابق چاروں اہلکارو کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ دوسری جانب پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔
خیال رہے کہ افغانستان میں حالت بگڑنے کے ساتھ پاکستان اور بالخصوص خیبرپختونخوا میں بھی اس قسم کے واقعات بڑھ رہے ہیں۔ گزشتہ شب کراچی میں بھی نامعلوم افراد نے شادی میں جانے والے ایک ٹرک پر دستی بم سے حملہ کر دیا تھا جس میں سوات سے تعلق رکھنے والے خاندان کے تیرہ افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔ جاں بحق ہونے والے تمام افراد خواتین اور بچے تھے۔
اسی طرح دیر میں بھی چند ہفتے پہلے پولیس چیک پوسٹ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک اہلکار جاں بحق ہوا تھا۔
ڈی آئی خان میں بھی گزشتہ روز نامعلوم افراد نے کسٹم کے چار اہلکاروں کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا تھا۔