”عطائی نے غلط انجکشن لگا کر شوہر کو بیمار کر دیا”
افغان خاتون نے ایک عطائی ڈاکٹر پر اس کے شوہر کو غلط انجکشن لگوا کر مزید بیمار کرنے کا الزام عائد کر دیا۔
فروٹ منڈی کے علاقے سے تعلق رکھنے والی افغان خاتون جمیلہ زوجہ نادر نے پشاور پریس کلب کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ اس کے خاوند کو باڑہ قدیم کے علاقے سے تعلق رکھنے والے عطائی ڈاکٹر محمد علی نے بیماری کے حالت میں غلط انجکشن لگایا جس کے باعث اس کے گردے خراب اور کمر میں شدید درد رہنے لگا ہے جبکہ ڈاکٹروں اور ہسپتالوں میں اپنے علاج پر ساری جمع پونجی خرچ کر چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عطائی ڈاکٹر کے خلاف کی گئی ایف آئی آر پر بھی عملدرآمد نہیں ہو رہا، خاتون کے ساتھ ان کا چھ سالہ بیٹا اور دس سالہ بیٹی خاطرہ بھی تھی۔
خاطرہ نے میڈیا کو بتایا کہ میرے والد کو انجیکشن لگانے کے بعد درج کی گئی ایف آئی آر کے مطابق نہ تو کارروائی کی گئی اور نہ ہی اب میرے والد کا علاج ہو رہا ہے، ”عطائی ڈاکٹر اور اس کے ساتھی مل کر دھمکیاں دے رہے ہیں۔”
انہوں نے پولیس کے اعلی حکام سے انصاف اور محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام سے عطائی ڈاکٹر کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔