خیبر پختونخوا کے ہسپتالوں میں بغیر ویکسینیشن سرٹیفکیٹ دینے کا انکشاف
نبی جان اورکزئی
خیبرپختونخوا میں کرونا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کیلئے بغیر ویکسی نیشن کے سرکاری ہسپتالوں میں اندراج کا انکشاف سامنے آیا ہے۔
ذرائع کے مطابق 17 اضلاع بشمول پشاور کے مختلف ہسپتالوں اور ایم ٹی آئی ہسپتالوں میں اس قسم کی جعلسازی سامنے آئی ہے اضلاع کو فراہم کردہ ویکسین کے مقابلے میں ہسپتالوں میں لوگوں کااندراج زیادہ دکھایا گیا ہے جس کی وجہ سے لوگوں نے ویکسین لگائے بغیر ہی نادرا سے سرٹیفکیٹ حاصل کر لیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ویکسینیشن کے بغیر سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کی خبروں کے بعد محکمہ صحت بھی حرکت میں آگئی ہے اور انکوائری شروع کردی ہے محکمہ صحت کے مطابق پہلے مرحلے میں ضلع مردان میں انکوائری ہوئی ہے اور ڈی ایچ او کے خلاف کارروائی بھی کی ہے, جبکہ باقی اضلاع میں ملوث افراد کے خلاف چھان بین کے احکامات جاری کردئیے گئے ہیں
ڈی جی ہیلتھ خیبرپختونخوا ڈاکٹر نیاز کا کہنا ہے کہ بغیر ویکسینیشن سرٹیفکیٹ حاصل کرنا سیریس ایشوں ہے جو بھی اس میں ملوث پایا گیا اس کے چلاف سخت کارروائی ہوگی, اس مسلے پر انکوائری ہورہی ہے اور جلد تحقیقاتی رپورٹ شیئر کردی جائے گی۔
اس سلسلے میں ذرائع نے بتایا کہ مردان میں 4 ہزار296 سرٹیفکیٹ دیئے گئے ہیں جبکہ پشاور میں2097،ایبٹ آبادمیں 1596،مانسہرہ میں920،دیر لوئر میں829، سوات میں797،ہری پور میں719، دیر اپر میں699،ڈی آئی خان میں 103، شمالی وزیرستان میں142، کوہاٹ میں 427، پشاور کے مولوی امیر شاہ ہسپتال میں523، صوابی میں14، نوشہرہ کے قاضی میڈیکل کمپلیکس میں740، ایوب ٹیچنگ ہسپتال میں1716، ایچ ایم سی میں1795، مردان میڈیکل کمپلیکس میں485،لیڈی ریڈنگ میں395جبکہ خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں193افراد کا ندراج ویکسین کے مقابلے میں زیادہ ہوا۔