کورونا ایس او پیز میں نرمی، سیاحوں کی کثیر تعداد سوات امڈ آئی
شہزاد نوید
سوات میں کورونا ایس او پیز میں نرمی کے بعد سیاحوں کی کثیر تعداد سوات پہنچ گئی ہیں جبکہ مختلف سیاحتی مقامات پر ہوٹل سیاحوں سے بھر گئے ہیں۔
ٹی این این نمائندہ کے مطابق سیاحوں کی ایک بڑی تعداد نے سوات کا رخ کرلیا ہے جس کے باعث سیاحتی مقامات پر جانے والی شاہراہوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی جبکہ ٹریفک کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا۔
نمائندہ کا کہنا ہے کہ کالام،مالم جبہ،بحرین،مہوڈنڈ اور دیگر سیاحتی مقامات پر تمام ہوٹل سیاحوں سے بھر گئے ہیں، ہوٹلوں میں کمرے ملنا جوئے شیر لانے کے برابر ہوگیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق سوات میں عید کے پانچ دنوں کے دوران 80 ہزار سے زائد گاڑیوں میں آٹھ لاکھ سیاح داخل ہوئے ہیں جبکہ ڈپٹی کمشنر سوات نے بھی سیاحوں کو اختیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے.
ڈی سی سوات جنید خان کا کہنا ہے کہ سیاحوں کی آمد سے متعلق کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد جاری ہے، کورونا ویکسین نہ لگوانے والوں کا سیاحتی مقامات پر داخلہ ممنوع ہے، ایسے افراد سیاحتی مقامات پر نہ جائیں جنہوں نے ویکسین نہیں لگوایا ہو ان کو چیک پوسٹ پر واپس کردیا جائے گا.
ڈی سی سوات کا مزید کہنا تھا کہ مختلف سیاحتی مقامات پر قائم چیک پوسٹ سے چیکنگ کے دوران ویکسین نہ کرنے والوں کو واپس کردیا گیا ہے کیونکہ کورونا سے نکلنے کا واحد حل ایس او پیز پر عملدرآمد اور احتیاطی تدابیر اپنانا ہے.