مویشی منڈیوں سے بلدیات کا عملہ غائب، حکومت کا سخت نوٹس
خیبر پختونخوا کی مویشی منڈیوں سے بلدیات کا عملہ غائب ہونے کی شکایات صوبائی حکومت تک پہنچ گئیں جس کے بعد تمام بلدیاتی عملہ کو فوری طور پر مویشی منڈیوں میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کر دی گئی ہے جبکہ ٹی ایم او اور ریجنل میونسپل آفیسرز کو چھاپے مارنے کا حکم بھی دے دیا گیا ہے۔
محکمہ بلدیات کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل بلدیات، ڈائریکٹر جنرل پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی، سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ، ڈائریکٹر اربن ایریا اتھارٹیز، چیف ایگزیکٹو آفیسرز سینی ٹیشن کمپنیز اور تمام ریجنل میونسپل آفیسرز کو ارسال کئے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ مویشی منڈیوں میں کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد نہیں کیا جا رہا جبکہ مویشی منڈیوں سے بلدیاتی عملہ کی غیر حاضری کی شکایات بھی سامنے آئی ہیں جس کے باعث منڈیوں میں انتظامی امور درہم برہم ہو گئے ہیں۔
مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ تمام افسران اپنی موجودہ لازمی کریں جبکہ ریجنل اور تحصیل میونسپل آفیسرز چھاپے مارتے ہوئے ایس او پیز کی نگرانی کریں۔
محکمہ بلدیات نے ہدایت کی ہے کہ مویشی منڈیوں میں صفائی پر مامور بلدیاتی عملہ یونیفارم لازمی استعمال کرے جبکہ اسسٹنٹ ڈائریکٹرز بلدیات اپنے عملہ کو بھی ڈیوٹی پر حاضر رکھیں۔
محکمہ بلدیات نے ہدایت کی ہے کہ ٹی ایم ایز اور ویلج و نیبر ہڈ کونسلوں کے سیکرٹریز کورونا ایس او پیز سے متعلق بینرز اور پینافلیکس کی تنصیب یقینی بنائیں اور اپنے اپنے علاقے کے علماء کرام سے ملاقات کرتے ہوئے ان سے عید خطبات میں صفائی سے متعلق پیغامات شہریوں تک پہنچائیں ، بلدیاتی عملہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ رابطہ میں رہے اور اپنی رپورٹ ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی بلدیات کو ارسال کرے۔