مردان: پولیس وین پر ہینڈ گرنیڈ حملہ، ڈرائیور شہید
مردان: مردان کے شہری علاقہ ڈاگئئ سٹاپ کے قریب پولیس موبائیل وین پر نامعلوم دہشت گردوں نے ہینڈ گرنیڈ حملہ کیا جس کے نتیجے میں پولیس موبائیل ڈرائیور جاں بحق ہو گیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق پولیس تھانہ شہباز گڑھی کی موبائل وین پولیس نفری کو پولیس لائن چھوڑنے کے بعد واپس اپنے تھانے جا رہی تھی کہ شہری علاقہ ڈاگئی سٹاپ پر نامعلوم موٹرسائیکل سوار دہشت گردوں نے اس پر ہینڈ گرنیڈ کا حملہ کیا جس کے نتیجے میں وین ڈرائیور سیدالابرار شدید زخمی ہو گئے جس کو ریسکیو اہلکاروں نے طبی امداد کے لئے مردان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال منتقل کر دیا جہاں بعدازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گیا۔
وقوعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری نے علاقہ کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا جبکہ پولیس تھانہ پار ہوتی نے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔
جاں بحق اہلکار سیدالابرار کی نماز جنازہ پولیس لائن مردان میں ادا کی گئی جس میں ڈی آئی جی مردان یاسین فاروق، ڈی پی او مردان زاہد اللہ اور دیگر پولیس افسران نے شرکت کی، بعدازاں میت کو آبائی گاؤں شیر آباد چورا کے علاقے روانہ کر دی گئی۔
اس سے قبل دوران پور قرنطینہ سینٹر میں تعینات پولیس اہلکار کی فائرنگ سے سب انسپکٹر گل رحمان اور حوالدار عمران جاں بحق ہو گئے تھے۔
ذرائع مطابق پشاور کے علاقے دوران پور میں قائم قرنطینہ سینٹر میں تعینات پولیس اہلکار نے ساتھی اہلکاروں پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں سب انسپکٹر گل رحمان اور حوالدار عمران موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
حکام کے مطابق موقع پر موجود پولیس کے دیگر اہلکاروں نے ملزم کو گرفتار کرلیا، ملزم کی شناخت عباس کے نام سے ہوئی ہے، جسے گرفتار کرکے تھانے منتقل کر دیا گیا ہے، تاہم قتل کی وجہ سامنے نہیں آئی۔ جبکہ لاشوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔