کوہستان میں لینڈ سلائیڈنگ میں چار افراد، لکی مروت میں مدرسے کی چھت گرنے سے ایک طالب علم جاں بحق
کوہستان میں مسافر بس لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آنے کے نتیجے میں چار افراد جبکہ لکی مروت میں تیز بارش سے مدرسے کی چھت گرنے سے ایک طالب علم جاں بحق ہوگیا ہے۔
کوہستان پولیس کے مطابق گزشتہ شب بشام شانگلہ سے راولپنڈی جانے والی بس پر کوہستان کے علاقے پٹن میں تیز لینڈ سلائیڈنگ کے دوران پہاڑ سے بھاری پتھر آگرا جس کے نتیجے میں گلگت سے تعلق رکھنے والے تین افراد محمد نوید، طفیل احمد اور ںاصر جبکہ اسلام آباد سے تعلق رکھنے والا ساجد محمد موقع پر جاں بحق ہوگئے۔ حادثے میں سات افراد زخمی بھی ہوگئے ہیں جن کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
دوسری جانب لکی مروت میں آج صبح بارش کی وجہ سے خستہ حال دینی مدرسہ کی چھت طلبہ کے اوپر آگری جس کے نتیجے میں ایک طالب علم موقع پر جاں بحق جبکہ چھ شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں ایک کو نازک حالت میں بنوں کے خلیفہ گل نواز ہسپتال جبکہ باقی افراد کو مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ خیبرپختونخوا میں گزشتہ چند دنوں سے شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ دو دن قبل بارش کے دوران لوئر دیر میدان میں بھی بارش کی وجہ سے ایک گھر زمیں بوس ہونے سے دو بچے جاں بحق ہوگئے تھے۔