خیبر پختونخوا

سوات میں آلو فصل کے تنازعے پر گولیاں چل گئیں، 5 افراد جاں بحق

 

شہزاد نوید

سوات کالام اور اہلیان اتروڑ کے درمیان زمین کے تنازعے پر فائرنگ سے پانچ افراد جاں بحق جبکہ 15 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس اور پاک فوج کی بھاری نفری پہنچ گئی، ذرائع کے مطابق سوات کے علاقہ کالام کینئی بانڈہ میں آلو کی فصل پر کالام اور اہلیان اتروڑ کے مابین تصادم ہوا جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدید لڑائی کی شکل اختیار کر لی اور دونوں اقوام نے ایک دوسرے کے خلاف محاذ کھول دیا، فائرنگ کے تبادلے میں دونوں جانب سے اب تک پانچ افراد جاں بحق جبکہ 15سے زائد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
پولیس اور پاک فوج کی بھاری نفری مذکورہ علاقہ پہنچ گئی ہے تاہم فائرنگ کا تبادلہ تا حال جا ری ہے۔ علاقہ مشران اور انتظامیہ کے افسران معاملے کو حل کرنے کی کوشش میں مصروف ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اتروڑ میں کالام کے ڈرائیور اور کالام میں اتروڑ کے ڈرائیوروں کو بھی شدید تشدد کا نشانہ بنا کر یرغمال بنایا گیا ہے جبکہ تصادم کے باعث مذکورہ علاقوں میں سیاح بھی پھنس گئے ہیں۔
اہلیان اتروڑ سے زخمی ہونے والوں کو دیر منتقل کردیا گیا ہے جبکہ کالام کی جانب سے زخمیوں کو مدین اور خوازہ خیلہ کے ہسپتالوں میں پہنچایا جا رہا ہے۔
اس حوالے سے کمشنر ملاکنڈ ڈویژن ظہیر الاسلام کا کہنا ہے کہ دونوں فریقین کے مابین سیز فائر کرادی گئی ہے،اب تک دونوں فریقین سے پانچ افراد جاں بحق جبکہ پندرہ سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔کمشنر ملاکنڈ کے مطابق دونوں اقوام کے درمیان مٹلتان اور اوشو اقوام نے سیز فائر کرائی ہے جبکہ یرغمال بنائے گئے افراد کی رہائی کے لئے کوششیں کی جا رہی ہے۔آرمی،پولیس اور انتظامیہ موقع پر موجود ہے اور حالات سے نمٹنے کے لئے تیار ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button