خیبرپختونخوا کے ہسپتالوں میں فضلہ ٹھکانے لگانیوالی مشینیں غیر فعال
خیبر پختونخوا کے ہسپتالوں میں فضلہ ٹھکانے لگانے والی مشینوں کے غیر فعال ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
حکومتی دستاویزات کے مطابق صوبے کے ہسپتالوں میں 15 انسینریٹر مشینیں غیر فعال ہیں جن میں سے میڈیکل ٹیچنگ انسٹیٹیوٹس میں 8 جبکہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتالوں میں 7 مشینیں استعمال نہیں ہو رہیں۔
دستاویزات کے مطابق لیڈی ریڈنگ ہسپتال، خیبر ٹیچنگ ہسپتال، قاضی حسین احمد ہسپتال نوشہرہ کی انسینریٹر مشینیں غیر فعال ہیں۔ اس کے علاوہ ایوب ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد اور باچا خان ہسپتال صوابی کی انسینریٹر مشینیں بھی غیر فعال ہیں۔
حکومتی دستاویزات میں انکشاف ہوا ہے کہ خلیفہ گل نواز بنوں اور مردان میڈیکل کمپلیکس، بنوں، نوشہرہ، صوابی، مردان، چارسدہ،کوہاٹ اور ہری پورکے ڈی ایچ کیو ہسپتالوں کی مشینیں بھی غیر فعال ہیں۔دستاویزات سے معلوم ہوا ہے کہ مشینیں انوائرمینٹل پروٹیکشن ایجنسی سے این او سی نہ ملنے اور تکنیکی وجوہات کے باعث غیر فعال ہیں جبکہ صوبے کے 2 ہسپتالوں میں انسینریٹر مشینیں فعال ہیں۔