پشاور، کتوں کی لڑائی پر دو انسان مارے گئے
صوبائی دارالحکومت پشاور میں کتوں کی لڑائی پر تکرار کے بعد فریقین کے مابین فائرنگ تبادلہ میں ایلیٹ فورس کے اہلکار سمیت 2 افراد جاں بحق جبکہ 2 شدید زخمی ہو گئے۔
زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ پولیس نے پوسٹ مارٹم کے بعد نعشیں ورثاء کے حوالے کر دیں اور مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا، واقعے کے بعد کشیدگی پر قابو پانے کیلئے علاقے میں بھاری نفری تعینات کر دی گئی۔
پولیس کے مطابق تھانہ انقلاب کی حدود میں واقع علاقے موسی زئی میں فریق اول ابرار ولد جاوید اور فریق دوم فواد ولد نصیر ساکنان موسیٰ زئی کی گزشتہ روز کتوں کی لڑائی پر تکرار ہوئی تھی جس پر مقامی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے فریقین سے متعلقہ افراد کو گرفتار کیا تھا تاہم جمعہ کے روز فریقین کے دیگر افراد کا پھر آمنا سامنا ہوا، دونوں میں تکرار ہوئی اور اس دوران میں دونوں نے ایک دوسرے پر فائر کھول دیا جس کے نتیجہ میں فریق اول سے ابرار اور فریق دوم سے ایلیٹ فورس کا اہلکار فواد لگ کر جاں بحق جبکہ اویس اور عالمگیر زخمی ہوئے۔
واقعے کے بعد مقامی پولیس نے اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پرپہنچ کر اہم شواہد اکٹھے کر لئے جبکہ ڈیڈ باڈیز کو پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیا۔
پولیس نے بتایا کہ ملوث افراد کے خلاف چھاپوں کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے جو گھر بار چھوڑ کر فرار ہو چکے ہیں۔