ڈیرہ، 25 لاکھ روپے کے تنازعہ پر میاں بیوی قتل
ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقہ گرہ ابراہیم کے قریب لین دین کے تنازعہ پر مسلح افراد نے موٹر سائیکل سوار میاں بیوی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا جبکہ ملزمان واردات کے بعد فرار ہو گئے، کلاچی پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔
تھانہ کلاچی کی حدود مڈی کلاچی روڈ پر 48 سالہ رمضان ولد صاحب جان اپنی اہلیہ مسماة بختاور بی بی عرف کاکئی کے ہمراہ موٹر سائیکل پر اپنے گھر کی جانب جا رہا تھا کہ گرہ ابراہیم کے قریب گھات لگائے ملزمان نے ان پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں دونوں میاں بیوی موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
تھانہ کلاچی میں مقتولین کے بیٹے نقیب اللہ مروت نے رپورٹ درج کراتے ہوئے بتایا کہ ہمارا وہاب سکنہ قدم خیل مڈی سے 25 لاکھ روپے کا لین دین کا تنازعہ چلا آ رہا ہے اور اسی نے میرے والدین کو قتل کرایا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق مقتولہ مسماة بختاور بی بی عرف کاکئی منشیات فروش تھی اور اس کیخلاف تھانہ کلاچی میں متعدد مقدمات درج ہیں جبکہ اس کے سابق خاوند ہدایت اللہ کو بھی قتل کیا گیا تھا جس کے بعد اس نے مقتول رمضان سے دوسری شادی کی تھی۔
دوسری جانب ڈیرہ ہی کے تھانہ کینٹ کی حدود برکت آباد میں ملک قمر دھپ کی اراضیات میں 38 سالہ نوجوان دوست کے ہاتھوں قتل ہو گیا، کینٹ پولیس نے مقتول کے بھائی کی رپورٹ پر مقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
زرائع کے مطابق تھانہ کینٹ میں 37 سالہ محمود علی مروت ولد حمید اللہ جان مروت نے رپورٹ درج کرائی کہ میرے بھائی نواب علی مروت اور فداء الرحمن میں 6 سال سے دوستی تھی، گزشتہ روز دونوں پیدل گھر سے نکلے اور اراضیات ملک قمر دھپ میں ملزم فدا الرحمن نے نامعلوم وجوہات کی بناء پر میری بھائی کو بیدردی سے قتل کر کے اس کی نعش اراضیات میں پھینک دی۔
کینٹ پولیس نے مقتول کے بھائی کی رپورٹ پر اس واقعہ کا مقدمہ درج کر کے فوری کاروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر کے اس سے آلہ قتل 30 بور پستول بھی برآمد کر لیا۔