‘حکومت وقف املاک کو اپنی تحویل میں لے کر مدارس کو ختم کرنے پر تلی ہوئی ہے’
جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عطا الرحمان نے بجٹ کو عوام دشمن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئے روز کے ٹیکسوں نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے‘ قومی اسمبلی میں ہنگامہ آرائی افسوسناک ہے‘احتجاج اپوزیشن کا حق حکومت کو برداشت کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے دار العلوم شیر گڑھ میں جمعیت علماء اسلام کے ضلعی امیر مولانا محمدقاسم سے ملاقات کے موقع پر کیا.
انہوں نے کہاکہ حکومت وقف املاک کو اپنی تحویل میں لے کر مدارس کو ختم کرنے پر تلی ہوئی ہے ‘ مدارس اسلام کے مضبوط قلعے ہیں اور کوئی مائی کا لعل اسے ختم نہیں کر سکتا‘ انہوں نے کہا کہ 4جولائی کو مالاکنڈ ڈویژن میں ہونے والے جلسے سے حکومتی وزراء کی نیندیں حرام ہو گئی ہیں ‘ حکومت مخالف تحریک کو کامیاب بنانے کے لئے پارٹی کی تمام تنظیمیںاپنی سرگرمیوں میں تیزی لائیں‘پی ڈی ایم 22کروڑعوام کی جنگ لڑ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے مارے عوام پر مزید ٹیکس لگائے جارہے ہیں جو کہ کسی بھی صورت قبول نہیں ‘انہوں نے کہاکہ موجود ہ حکومت منافع بخش اداروں کو فروخت کرکے ملک کو دیوالیہ کرنے میں مصروف ہے۔
انہوں نے کہاکہ بجلی اور اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں آئے روز اضافے سے عوام کی زندگی اجیرن بن گئی ہے‘عمران خان جب بھی کسی چیز کا نوٹس لیتے ہیں اگلے دن ہی اس کی قیمت میں اضافہ ہوجاتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ملک میں وفاق المدارس کے علاوہ کسی بھی بورڈ کو تسلیم نہیں کیا جائے گا‘مدارس حکومتی سرپرستی کے بغیر عوام کی امداد سے چلتے ہیں‘ اس موقع پر مولانا محمد قاسم نے کہا کہ 4جولائی کو ہونے والے جلسے میں شرکت کیلئے مردان سے بڑا قافلہ روانہ ہوگا۔