خیبر پختونخوا

ڈبلیو ایس ایس پی کا 14 روزہ خصوصی مہم کا آغاز

خیبر پختونخوا حکومت کے احکامات کی روشنی میں واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) نے 14 روزہ خصوصی مہم کا آغاز کر دیا، مہم کا آغاز چار یونین کونسلوں پہاڑی پورہ، شاہین مسلم ٹائون ون، لنڈی ارباب اور تہکال سے کیا گیا ہے جس کا دائرہ بتدریج دیگر یونین کونسلوں تک بڑھایا جائے گا۔

مہم کے لئے چار زونز میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو دو شفٹوں میں صفائی کر رہی ہیں، اضافی مشینری، اوزار اور گاڑیوں کا بھی بندوبست کیا گیا ہے، معمول کی صفائی اور دیگر شہری خدمات کی فراہمی بھی جاری رہے گی۔

ہر زون میں مہم کے لئے خصوصی پلان مرتب کیا گیا ہے مہم میں ان علاقوں پر توجہ مرکوز کی گئی ہے جہاں صفائی کی زیادہ ضرورت ہے یا کسی وجہ سے وہ نظر انداز ہیں، گلی محلوں کے ساتھ ساتھ نالیوں کی صفائی کی جارہی ہے، لوگوں کی جانب سے گندگی کے ڈھیر میں تبدیل کردہ پلاٹوں کو بھی صاف کیا جارہا ہے۔

مہم کے اہداف کے حصول کے لئے مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو ہر علاقے کا دورہ کرتے ہوئے صفائی سے متعلق مسائل فوری حل کے لئے آپریشن ڈیپارٹمنٹ کے علم میں لا رہی ہیں، پانی تقسیم کی پائپ لائن کی بھی مانیٹرنگ کی جارہی ہے جہاں پائپ تبدیل کرنے کی ضرورت ہے اسے پراجیکٹ ڈیپارٹمنٹ کے علم لا یا جا رہا ہے جبکہ لیکیج فوری بند کی جاتی ہے۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر حسن ناصر، جنرل منیجر آپریشن ریاض احمد اور جنرل منیجر پی ایم ای آر ضمیر الحسن نے خصوصی مہم میں شامل چاروں یونین کونسلوں کا دورہ کیا وہاں جاری صفائی کا جائزہ لیا اور عملے کو ضروری ہدایات جاری کیں۔

اس حوالے سے جی ایم آپریشن نے کہا ہے کہ مہم کے اہداف کے حصول کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے آپریشن ٹیم کو ہدایت کی کہ جہاں ضرورت ہو وہاں مزید عملہ تعینات کیا جائے، چاروں یونین کونسلوں کو اگلے دو روز میں مکمل صاف کرتے ہوئے دیگر یونین کونسلوں میں مہم شروع کی جائے۔ صفائی کے ساتھ آگاہی ٹیمیں بھی گھر گھر آگاہی دے رہی ہیں جبکہ معاشرے میں اثر رسوخ رکھنے والے افراد اور علماء سے سیشن منعقد کراتے ہوئے ان کے ذریعے لوگوں کو مقررہ اور مقام پر گندگی پھینکنے اور بلوں کی ادائیگی پر قائل کر رہی ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button