خیبر پختونخوا

پشاور یونیورسٹی کے احتجاج کرنے والے ملازمین پر پولیس کا لاٹھی چارج، متعدد زخمی

پشاور یونیورسٹی کے احتجاج کرنے والے ملازمین پر پولیس نے لاٹھی چارج کردیا، جس سے متعدد ملازمین زخمی ہوگئے۔

یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق پیر 31 مئی کو جامعہ پشاور کے ملازمین تنخواہوں میں کٹوتی کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے اور جلوس کی شکل میں اسمبلی چوک پر احتجاج شروع کیا۔

یونیورسٹی ایمپلائزایسوسی ایشن کے احتجاج اور مظاہرے میں شامل ملازمین اور اساتذہ نے 10 کلو میٹر مارچ کیا اور انتظامیہ کے خلاف نعرے لگائے۔

احتجاج میں اساتذہ سمیت کلاس فور اور کلاس تھری ملازمین بھی شامل ہیں۔ صدر فوپواسا ڈاکٹر شاہ عالم کا کہنا ہے کہ جامعات کے ملازمین کی تنخواہوں سے الاونسز کٹوتی کا نوٹیفکیشن واپس لیا جائے، 18ویں ترمیم کے تحت صوبائی ہائیر ایجوکیشن کمیشن بنایا جائے، پنجاب اور سندھ میں صوبائی ایچ ای سی موجود ہے ہمارے صوبے میں کیوں نہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے ہائر ایجوکیشن کا بجٹ بڑھانے کے بجائے کم کردیا،حکومت نے ہائر ایجوکیشن کا بجٹ 114 ارب روپے سے 64 ارب روپے تک پہنچا دیا ہے جو زیادتی ہے۔

صورت حال قابو میں کرنے کیلئے پولیس کی نفری کو طلب کیا گیا۔ پولیس کی جانب سے آنسو گیس اور لاٹھی چارج کیا گیا، جس سے متعدد ملازمین زخمی ہوئے جب کہ متعدد افراد کو حراست میں بھی لے لیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ خیبر پختونخوا میں لاک ڈاؤن ختم ہونے کے بعد تدریسی عمل کا آج سے آغاز ہوا ہے۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button