خیبر پختونخوا

خیبرپختونخوا حکومت کا صحافیوں کے تحفظ کا بل صوبائی اسمبلی میں لانے کا فیصلہ

خیبر پختونخوا حکومت نے صحافت دوست اقدامات کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے وفاقی حکومت کی طرز پر صحافیوں کے تحفظ کا بل صوبائی اسمبلی میں لانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ترجمان خیبرپختونخوا حکومت و معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران بنگش مطابق بہت جلد وفاقی حکومت کی طرز پر صحافیوں کے تحفظ کا بل اسمبلی میں پیش کریں گے۔ بل صحافیوں کی بنیادی حقوق، تربیت، انشورنس اور تفتیش سمیت دیگر اہم امور پر مشتمل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بل میں صحافیوں اور میڈیا پیشہ ور افراد کے حقوق کی تجویز کی گئی ہے۔

معاون خصوصی کامران بنگش نے کہا کہ وزیراعلی خیبرپختونخوا صحافیوں کو تمام تر سہولیات و مراعات دینے کا خواہاں ہیں کیونکہ آزاد میڈیا اور صحافت پاکستان تحریک انصاف کا منشور ہے۔

دوسری جانب پشاور میں بالخصوص اور پی کے 77 میں بالعموم زیر التواء عوامی ترقیاتی منصوبوں پر کام مزید تیز کرنے کے سلسلے میں معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران بنگش سے ڈائریکٹر جنرل پشاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی عمارہ نے تفصیلی ملاقات کی۔

معاون خصوصی کامران بنگش نے ملاقات کے دوران دلہ زاک روڈ پر لائیٹنگ، سعید آباد نالی کا مسئلہ، خالصہ ون کے گیس کا مسئلہ، پہاڑی پورہ میں پیدل چلنے کے لئے پُل اور پھندو چوک کے رہائشیوں کے ایشوز کے متعلق گفتگو ہوئی۔ ڈائریکٹر جنرل پی ڈی اے نے معاون خصوصی کو مسائل کے فوری حل کی یقین دہانی کروائی.

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button