پشاور، کالے شیشوں کے استعمال پر 3074 ڈرائیوروں کا چالان
سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے کالے شیشوں کے استعمال پر 1 ماہ کے دوران 3074 افراد کو چالان کیا۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت کی ہدایت پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے شہر کے مختلف سیکٹروں میں کالے شیشے استعمال کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں کیں۔
ٹریفک افسران نے کارروائیوں کے دوران کالے شیشوں کے استعمال پر مجموعی طور پر 3074 افراد کا چالان کیا اور گاڑیوں کے شیشوں سے کالے سٹکرز اتار لئے گئے اور انہیں ہدایت کی گئی کہ وہ آئندہ کالے شیشوں کے استعمال سے گریز کریں۔
واضح رہے کہ ضلع بھر میں ٹریفک قوانین اور کورونا وائرس سے بچاؤ سے متعلق آگاہی کا سلسلہ بھی جاری ہے, چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے کہا ہے کہ شہری ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں جبکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہری کالے شیشوں کے استعمال سے گریز کریں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، ٹریفک حکام شہر بھر میں کورونا ایس او پیز سے متعلق آگاہی دینے کا سلسلہ جاری رکھیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔