خیبر پختونخوا

لکی، دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث گروہ کی گرفتاری کا دعوی

غلام اکبر مروت سے

سی ٹی ڈی پولیس بنوں نے ایک کاروائی کے دوران دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث گروہ گرفتار کرنے کا دعوی کیا ہے۔

سی ٹی ڈی پولیس ذرائع کے مطابق پولیس نے مبینہ شدت پسند طارق عیسک خیل کو ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا ہے، اس سلسلے میں سی ٹی ڈی بنوں اور لکی مروت پولیس نے لکی مروت کی حدود میں ایک مشترکہ آپریشن کے دوران گروہ کو دھر لیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق مبینہ اشتہاری طارق عیسک خیل لکی مروت اوران کے گرفتار ساتھیوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔

انسداد دہشتگردی پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار مبینہ شدت پسندوں کا تعلق تحریک طالبان شاہ حسن خیل اور حافظ گل بہادر گروپ سے ہے، مبینہ شدت پسند کسی تخریب کاری کے منصوبے کی غرض سے موجود تھے کہ پولیس نے کامیاب آپریشن کے دوران گرفتار کر لیا، انہیں تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

دریں اثناء انسداد دہشتگردی پولیس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ گرفتار ہونے والے مبینہ دہشت گرد مختلف مقامات پر دہشتگردی سمیت لکی مروت پولیس کو بھی کئی مقدمات میں مطلوب تھے، یہ دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھے، مبینہ دھشتگردوں کا تعلق تحریک طالبان پاکستان شاہ حسن خیل اور کمانڈر حافظ گل بہادر گروپ سے بھی ہے۔

بیان کے مطابق سی ٹی ڈی بنوں اور ڈسٹرکٹ پولیس لکی مروت نے صوبہ پنجاب اور لکی مروت کے سنگم پر ملحقہ پہاڑی علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، آپریشن میں مبینہ ٹارگٹ کلر ملزم اشتہاری طارق ولد محمد زمان سکنہ عیسک خیل لکی مروت اور دیگر دہشت گردوں کو تخریب کاری اور دہشت گردی کی غرض سے جائے وقوعہ بالا پر موجود پا کر نہایت حکمت عملی کےساتھ موقع پر دھر لیا۔

مبینہ ٹارگٹ کلر اور دہشت گرد طارق کے قبضے سے کلاشنکوف بمعہ فٹ میگزین 90 عدد کارتوس برآمد کر کے تحویل میں لئے گئے۔

واضح رہے کہ گرفتار دہشت گرد ملزم اشتہاری مذکورہ بالا کا تعلق کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کے شاہ حسن خیل گروپ ضلع لکی مروت سے ہے اور لکی ٹارگٹ کلنگ کیس کے مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی بنوں کو مطلوب تھے۔

ابتدائی تفتیش کے دوران گرفتار مبینہ ٹارگٹ کلر اور ملزم اشتہاری نے گزشتہ مہینے پولیس اہلکاران کی ٹارگٹ کلنگ، پولیس چوکی وانڈہ میر عالمی علاقہ تھانہ لکی میں ملوث ہونے کا اعتراف کر لیا ہے، مزید اہم انکشافات متوقع ہیں۔

مذکورہ دہشتگرد کے ساتھ دہشتگرد جاوید خان عرف تورہ غوڑہ عرف تور گل ولد محمد افضل خان سکنہ ایکم خیل وزیر آباد تحصیل میرانشاہ، دہشتگرد اسماعیل خان عرف حنیف عرف ذبیح اللہ ولد میر صاحب خان سکنہ انگار کلے میرانشاہ اور دہشتگرد صاحب نواز عرف خڑ ولد میر صاحب خان سکنہ انگار کلے میرانشاہ گرفتار ہوئے ہیں جو سی ٹی ڈی بنوں ریجن کو متعدد مقدمات میں مطلوب تھے، تینوں دہشت گردوں کا تعلق تحریک طالبان پاکستان کمانڈر حافظ گل بہادر گروپ سے ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button