رمضان المبارک میں عوام کو ہر ممکن ریلیف دینا اولین ترجیح ہے۔ وزیراعلیٰ
وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے رمضان المبارک کے مہینے میں صوبے کے عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات اور ہر ممکن ریلیف کی فراہمی کو موجودہ حکومت کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت اس سلسلے میں تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے، لوگوں کو سستے نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی کیلئے صوبہ بھر میں سستے بازاروں کا قیام، موبائل شاپس پروگرام کا اجراء اور یوٹیلیٹی سٹورز کے ذریعے لوگوں کو رمضان ریلیف پیکیج کی فراہمی حکومتی اقدامات کا حصہ ہیں۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ رمضان المبارک کے دوران اور خصوصاً سحری و افطار کے اوقات میں صوبے کے عوام کو گیس اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی پر بھی حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے اور اس سلسلے میں پیسکو اور سوئی گیس کے حکام کو ضروری ہدایایت جاری کی گئیں ہیں۔
وزیراعلیٰ نے پیسکو اور سوئی گیس حکام کو ہدایت کی کہ وہ حکومتی احکامات کی روشنی میں سحری اور افطار کے اوقات میں صارفین کو گیس اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو ہر لحاظ سے یقینی بنائیں، سحری اور افطار کے اوقات میں بجلی اور گیس لوڈشیڈنگ کسی صورت قبول نہیں۔
وہ صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی اور پشاور سے ممبر صوبائی اسمبلی فضل الٰہی سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس سحری و افطاری کے اوقات میں گیس اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی سے متعلق اُمور پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ رمضان میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے تمام معاملات کی خود نگرانی کر رہے ہیں اور وہ کسی بھی وقت رمضان میں سستے بازاروں کا اچانک دورہ کر کے وہاں پر اشیائے ضروریہ کی دستیابی اور قیمتوں کا جائزہ لیں گے۔
اُنہوں نے محتسب عوامی نمائندوں پر زور دیا کہ وہ رمضان میں عوام کو ریلیف دینے، روزمرہ اشیاء کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کیلئے مقامی انتظامیہ کے ساتھ قریب روابط رکھیں۔