مثبت کیسز کی شرح 26 فیصد، پشاور کے مزید علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن کا نفاذ
پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے شہر کے کچھ علاقوں میں آج سے مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق بلال ٹاؤن، الفلاح ٹاؤن اعجاز آباد، ڈیفنس ٹاؤن، آفیسر گارڈن ٹاؤن میں شام 6 بجے سے مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاوَن نافذ ہو گا جو حکم ثانی جاری رہے گا۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران ان علاقوں میں داخلہ بند رہے گا اور اشیائے ضرورت کے علاوہ باقی تمام کاروباری سرگرمیاں معطل رہیں گی۔
خیال رہے کہ موجودہ وقت میں پشاور میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح باقی تمام اضلاع سے زیادہ ہے۔
خیبر پختونخوا میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 11.7 فیصد پر پہنچ گئی ہے۔ خیبر پختونخوا کے 5 اضلاع میں مثبت کیسز کی شرح 20 فیصد اور 11 اضلاع میں 10 فیصد سے زیادہ ہے۔ پشاور 26 فیصد مثبت کیسز کے ساتھ سرفہرست ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق مردان 24 فیصد کیسز کے ساتھ دوسرے اور لوئر دیر 23 فیصد مثبت کیسز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔