خیبر پختونخوا کا 51واں ڈاکٹر کورونا سے لڑتے لڑتے شہید
خیبر پختونخوا میں کورونا وباء نے ایک اور ڈاکٹر کی جان لے لی جس کے صوبے میں وائرس سے جاں بحق ہونے والے ڈاکٹروں کی تعداد 51 ہو گئی۔
پرونشل ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے مطابق سابق ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر بونیر اور سابق ایم ایس سیدو گروپ آف ٹیچنگ ہسپتال سوات ڈاکٹر امیر سلطان کورونا سے وفات پا گئے ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل سابق انچارج پتھالوجی لیب اور سابق ایم ایس ایوب میڈیکل کمپلیکس ڈاکٹر جان محمد 20 مارچ کو جبکہ رواں مہینے، 5 اپریل کو ڈاکٹر محمد توفیق (ڈینٹل سرجن گریڈ 19 پولیس سروسز ہسپتال پشاور) کورونا سے لڑتے لڑتے خود کورونا کا شکار ہو کر شہید ہو گئے تھے۔
ڈاکٹر امیر سلطان گزشتہ ایک ہفتے سے سیدو ٹیچنگ ہسپتال سوات میں کورونا آئی سی یومیں وینٹی لیٹر پر تھے۔ ڈاکٹر امیر سلطان کی نماز جنازہ گزشتہ رات 11 بجے شگئی سیدوشریف میں ادا کر دی گئی۔
واضح رہے کہ صوبے میں کورونا سے اب تک طبی عملے کے 84 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب مردان میں کورونا وباء کی شرح میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے جہاں گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید 11 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 166 سے 177 تک پہنچ گئی ہے۔