رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاور میں طلب
چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے ملک بھر میں ایک روزہ و عید منانے کی خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاور میں منعقد ہوگا۔
پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا عبد الخبیر آزاد نےکہا کہ مرکزی کمیٹی پشاور میں جبکہ ملک کے دیگر حصوں میں زونل کمیٹیاں بیٹھیں گی،13 اپریل کو پشاور میں ہونے والے اجلاس میں تعاون درکار ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے چاروں صوبوں کے دورے کئے،ہمارا مقصد ملک میں اتفاق رائے اور وحدت کو پیدا کرنا ہے،تمام مکتبہ فکر کے علماء کرام سے رابطے کئے،پوری قوم کو ایک ہی روز عید اور روزہ کرانے کے لئے کوشش جاری ہے،تمام علماء اور مشائخ کی بھی یہی خواہش ہے،حکومت پاکستان اور وزارت مذہبی امور ہمارے ساتھ ہیں،قوم کی امیدوں پر پورا اتریں گے۔
چیرمین رویت ہلال کمیٹی نے کہا کہ فواد چوہدری کے ساتھ ملاقات کی جس میں ٹیکنیکل سپورٹ جاری رکھنے پر اتفاق ہوا تاہم روزے اور چاند کا فیصلہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی شرعی اصولوں کے مطابق ہی کرے گی۔
انکا کہنا تھا کہ کورونا کی تیسری لہر خطرناک ہوچکی ہے،علمائے کرام کورونا وائرس سے بچاؤ اور آگاہی میں اپنا کردار ادا کریں۔مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ ماضی میں یہاں اجلاس دیر تک اور مرکز میں جلدی ختم کرلیے جاتے تھے تاہم اب ایسا نہیں ہوگا،ہم دیر تک بیٹھیں گے اور جہاں سے بھی شہادتیں موصول ہونگی،ہر شہادت کو پرکھا جائے گا۔