پشاور، ایک اور خواجہ سراء اغوا کے بعد جنسی زیادتی کا شکار
پشاور کے علاقہ ہزار خوانی میں مسلح افراد نے پروگرام سے واپسی پر خواجہ سراء کو اغواء کر لیا اور اسے وحشیانہ تشدد کا نشانے بناتے ہوئے اس کے بال کاٹ دیئے، ملزمان خواجہ سراء سے ہزاروں کی نقدی چھین کر فرار ہو گئے، پولیس نے واقعے کی اطلاع ملنے پر فوری کارروائی کرتے ہوئے مغوی خواجہ سراء کو بازیاب کر کے چار ملزمان کو گرفتار کر لیا جبکہ دیگر کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دیدی گئی۔
صدام عرف سویٹی ولد ظریف اللہ ساکن سربند نامی خواجہ سراء نے رپورٹ درج کراتے ہوئے رحمن بابا پولیس کو بتایا کہ میں گزشتہ شب دیگر ساتھیوں کے ہمراہ ایک تقریب میں شرکت کیلئے موسیٰ زئی گیا تھا جہاں سے واپسی پر ہزارخوانی کے قریب تین گاڑیوں میں سوار افراد نے انہیں یرغمال بنا دیا جن میں جاوید، سلمان، خالد، عبد اللہ، حیات، انس، قدرت، واجد، بلال اور دیگر 5 نامعلوم افراد شامل تھے، انہوں نے مجھ سے 50 ہزار اور میرے ساتھی نعیم عرف گڑیاں سے 40 ہزار روپے چھیننے کے بعد مجھے اغواء کر کے نامعلوم مقام پر لے گئے جہاں انہوں نے میرے بال کاٹنے کے علاوہ میرے ساتھ جنسی زیادتی بھی کی جبکہ ملزمان اس پورے عمل کی ویڈیو بھی بناتے رہے۔
متعلقہ خبریں:
صوابی سے 6 خواجہ سراؤں کی اغوائیگی اور ڈرامائی بازیابی
ڈیرہ اسماعیل خان میں خواجہ سرا ء کے قتل کے خلاف احتجاج
نوشہرہ، 6 افراد کی جوانسال خواجہ سراء سے جنسی زیادتی
”خیبر پختونخوا کی زمین خواجہ سراؤں پر تنگ ہوتی جا رہی ہے”
پولیس کے مطابق اطلاع پر فوری کارروائی کرتے ہوئے نامزد ملزمان میں جاوید ولد نوبت خان ساکن حیات آباد، انس ولد نصر اللہ ساکن میاں گان چمکنی، عبد اللہ ولد مکمل خان ساکن گلبہار اور حیات ولد گلاجان ساکن توحید کالونی کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے گھناؤنے فعل میں شریک دیگر ساتھیوں کی نشاندہی کرا دی ہے جن کی گرفتاری کے لئے ڈی ایس پی صدر سرکل قاضی عصمت اللہ کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ 11 فروری کو بھی پشاور میں خواجہ سرا کو نامعلوم افراد نے اغوا کر کے اسکی غیراخلاقی ویڈیو بنا ڈالی تھی۔ ذرائع کے مطابق خواجہ سراء نینا کو پروگرام سے واپسی پر نامعلوم افراد نے اغواء کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا تھا۔
اس سے قبل گذشتہ سال دسمبر میں بھی پشاور کے علاقہ چمکنی میں مسلح افراد نے محفل موسیقی سے واپس جانے والے خواجہ سراء کو اسلحہ کی نوک پر اغواء کرنے کے بعد اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا تھا، ملزمان نے خواجہ سراء سے ہزاروں کی نقدی، موبائل فون اور طلائی انگوٹھی چھیننے سمیت اس کے بال بھی کاٹ دیئے تھے۔