پشاور میں خاتون سمیت دو افراد غیرت کے نام پرقتل
پشاور کے نواحی علاقہ متنی جنگلی میں غیرت کے نام پر دیور نے فائرنگ کرکے اپنی بھاوج کو غیر مرد سمیت موت کے گھاٹ اتاردیا جبکہ ملزم واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، پولیس نے پوسٹ مارٹم کے بعد نعشیں ورثاء کے حوالے کردیں اور مقدمہ درج کرکے مختلف زاویوں سے تفتیش اور ملزم کی تلاش شروع کردی ہے۔
مسماۃ دلشادہ زوجہ جان گل ساکن جنگلی ودان گل کلے نے رپورٹ درج کراتے ہوئے متنی پولیس کو بتایا کہ گزشتہ شب تقریباً ایک بجے کے قریب میں رفع حاجت کیلئے باہر نکلی تو میری بہومسماۃ تہمینہ زوجہ لقمان کے کمرے سے باتوں کی آوازیں آرہی تھیں، اس دوران میرا دوسرا بیٹا عاطف خان بھی بامسلح اپنے کمرے سے نکل آیا جس نے اپنی بھابھی کے کمرے میں دیکھا تو وہ ایک غیرمرد کیساتھ قابل اعتراض حالت میں موجود تھی جس پر اس نے فائرنگ کرکے دونوں کو موت کے گھاٹ اتاردیا اور واردات کے بعد فرار ہوگیا۔
مسماۃ دلشادہ کے مطابق تہمینہ کا شوہر محنت مزدوری کے سلسلہ میں بیرون ملک دوبئی میں مقیم ہے جبکہ بہو کیساتھ موجود غیر مرد کی شناخت مسلم خان ولد ظاہر شاہ ساکن قصایان سے ہوئی ہے، پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلئے اورمقدمہ درج کرکے ملزم کی تلاش و تفتیش شروع کردی ہے۔