خیبر پختونخوا

کورونا کیسز کی شرح میں اضافے کے بعد لیڈی ریڈنگ ہسپتال کی او پی ڈی بند

خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح میں اضافہ کے باعث لیڈی ریڈنگ ہسپتال کی او پی ڈی بند کر دی گئی ہے۔

ترجمان لیڈی ریڈنگ ہسپتال کا اس بابت کہنا ہے کہ مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ کے سبب او پی ڈی کو چلانا ممکن نہیں، لیڈی ریڈنگ کورونا کے خلاف فرنٹ لائن ہسپتال کے طور پر کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ میں صرف ضروری علاج کیا جائے گا، سروس گائنی، ہارٹ اٹیک، ایکسیڈنٹ سے متاثرہ مریضوں کے لیے ہوگی۔

لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے ترجمان نے عوام سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا معمول کے حالات نہیں ہیں عوام تعاون کریں۔ دوسری جانب خیبر پختونخوا (کے پی) میں کورونا فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز نے کل سے ڈیوٹی سے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا ہے۔

نرسز الائنس کے ترجمان ناصر علی شاہ کا کہنا ہے کہ مطالبات کے لیے خیبرپختونخوا اسمبلی چوک پر دھرنا دیں گے، محکمہ صحت کو ایک مہینے کا وقت دیا گیا مگر کچھ نہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر سے تمام نرسز سروسز کا بائیکاٹ کرکے پشاور پہنچ جائیں گے ۔ اسپتالوں میں پہلے ہی ہیلتھ ورکرز کی کمی ہے۔

ترجمان نرسز الائنسز ناصر علی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ ابھی تک پروموشن، سروس اسٹرکچر، ایم ٹی آئی نرسز ریگولاریزیشن کے مطالبات پر یقین دہانی نہیں ہوئی۔ ناصر علی شاہ نے کہا کہ مطالبات میں نرسزکی ریکروٹمنٹ، نرسز کیلئے الگ ڈائیریکٹریٹ اور انٹرنشپ کی سیٹس بھی شامل ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button