خیبر پختونخوا

ضلع کرم سے تعلق رکھنے والا 2 سالہ بچہ پشاور میں بے دردی سے قتل

پشاور کے علاقہ پہاڑی پورہ میں نامعلوم افراد نے 2 سالہ بچے کو ذبح کر کے سر کو دھڑ سے جدا کر دیا، پولیس نے رہائشی پلازے کی بالائی منزل سے بوری بند نعش برآمد کر کے مختلف زاویوں سے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔

تھانہ پہاڑی پورہ پولیس کے مطابق مسماة مہر بانو زوجہ مثل خان ساکن پاراچنار ضلع کرم نے بیان دیتے ہوئے بتایا کہ ”میں ایک ہفتہ قبل اپنے نواسے 2 سالہ فرمان اللہ ولد سیف اللہ کے ہمراہ چمکنی پلازہ دلزاک روڈ میں رہائشی پذیر اپنے دوسرے بیٹے نبی اللہ کے گھر آئی تھی، جمعہ کی شب فرمان اللہ گھر سے نکل کر پراسرار طور پر لاپتہ ہو گیا جسے ہر ممکن جگہ تلاش کیا لیکن اُس کا کوئی پتہ نہیں چلا، ہفتہ کی صبح ہم گھر میں موجود تھے کہ اس دوران شور کی آواز سن باہر نکلے تو پلازے کی بالائی منزل سے فرمان اللہ کی بوری بند نعش برآمد ہوئی جسے نامعلوم ملزمان نے ذبح کر کے اس کا سر دھڑ سے جدا کر دیا تھا، مقتول فرمان اللہ کا والد مزدوری کی غرض سے بیرون ملک مقیم ہے جبکہ ہماری کسی کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں ہے۔”

پولیس کے مطابق پوسٹ مارٹم کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کر دی اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے مختلف زاویوں سے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔

ڈیرہ، بچوں کی لڑائی میں بڑوں کی فائرنگ سے باپ بیٹا زخمی

ڈیرہ کے علاقہ ٹوبہ میں بچوں کی لڑائی پر بڑوں کی فائرنگ سے باپ بیٹا زخمی ہو گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق تھانہ بندکورائی میں عارف سکنہ وانڈاسولہن نے رپورٹ درج کرائی ہے کہ وہ اور اس کا والد محمد رمضان موٹرسائیکل پر جا رہے تھے کہ جیلانی، احمد بخش، محمد انیس اور عنصر سکنہ گرسل وانڈاسولہن نے ان پر فائرنگ کی جس سے وہ اور اس کا والد زخمی ہو گئے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بچوں کی لڑائی کی وجہ سے ہم پر فائرنگ کی گئی ہے۔

ڈیرہ، نہر میں ڈوب کر 2 نوجوان لاپتہ، ریسکیو آپریشن جاری

ڈیرہ ہی کے علاقہ پشہ پل کے قریب نہر میں 2 نوجوان گر کر ڈوب گئے، پشہ پل کے قریب سی آربی سی نہر میں دو نوجوان گر کر ڈوب گئے۔

واقعے کی اطلاع پر ڈوبنے والے دونوں نوجوانوں کی نعشوں کی تلاش کی جا رہی ہے۔ آمدہ اطلاع کے مطابق موقع پر کافی تعداد میں لوگ موجود تھے۔

ڈیرہ، گاڑی کی موٹرسائیکل کو ٹکر، ایک نوجوان جاں بحق، دوسرا زخمی

ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقہ ڈھوراسولہن اڈا کے قریب تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل پر سوات ایک نوجوان جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا جسے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق پرواکا رہائشی اظہار ولد غلام قاسم موٹرسائیکل پر اللہ ڈتہ ولد ربنواز سکنہ شاہ اجمل پروا کے ساتھ میرن شوگر ملز سے گھر کی جانب آ رہا تھا کہ ڈھوراسولہن اڈا کے قریب پیچھے سے تیزرفتار موٹرکار نے ان کو ٹکر مار دی جس سے اللہ دتہ موقع پر جاں بحق ہو گیا جب کہ اظہار زخمی ہوا جن کو فوری طور پر پروا ہسپتال پہنچا دیا گیا۔

پروا پولیس نے اس واقعے کا مقدمہ زخمی اظہار کی مدعیت میں نامعلوم موٹرکار مالک کے خلاف درج کر لیا ہے۔

والد کے ہاتھوں گولی چل جانے سے 5 سالہ بیٹی جاں بحق

ڈیرہ ہی کے علاقے حسیب آباد شیخ یوسف میں پستول کی صفائی کے دوران گولی چل جانے سے 5 سالہ بچی جاں بحق جبکہ والد خود شدید زخمی ہو گیا جسے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

تھانہ صدر کی حدود میں حسیب آباد شیخ یوسف میں زاہداللہ محسود ولد گل یوسف اپنے گھر میں پستول تیس بور صاف کر رہا تھا کہ اس کی اپنی غفلت کے باعث اچانک گولی چل گئی جس سے گولی اس کو خود لگتے ہوئے اس کی پانچ سالہ بیٹی نادیہ بی بی کے سر پر جا لگی جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی، پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔

درگئی، ٹرانسفارمر کے تنازعہ پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق

ملاکنڈ کی تحصیل درگئی کے علاقے انارتنگی میں بجلی ٹرانسفارمر کے تنازعے پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا جبکہ ملزم واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

اطلاعات کے مطابق ضلع ملاکنڈ کی تحصیل درگئی کے نواحی گائوں آنار تنگی میں بجلی ٹرانسفارمر کے تنازعے پر فریقین غلام حسن اور حفیظ الرحمان کے مابین فائرنگ کے نتیجے میں عزیز ولد عارف نامی شخص جاں بحق ہو گیا۔ لیویز تھانہ درگئی نے مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button