کرک، گیس کی عدم فراہمی کے خلاف برقع پوش خواتین کا احتجاج
ملک بھر کو گیس فراہم کرنے والے ضلع کرک کے اپنے عوام اس بنیادی سہولت سے محروم، گس کی عدم فراہمی کے خلاف برقع پوش خواتین نے احتجاج کیا ہے۔
نمائندہ ٹی این این کے مطابق گیس اور بجلی کی عدم فراہمی کے خلاف کرک کی خواتین سڑکوں پر نکل آئیں، احتجاج میں بچے، بوڑھے اور نوجوانوں کی بڑی تعداد بھی شامل تھی، مظاہرین نے کرک بنوں روڈ کو احتجاجاً بند کر دیا۔
اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ کرک پیداواری ضلع ہے لیکن ہم لکڑیاں جلانے پر مجبور ہیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ رمضان المبارک سے قبل گیس اور بجلی ٹھیک کی جائے بصورت دیگر مستقل احتجاج کا راستہ اپنایا جائے گا۔
یاد رہے کہ 13 مارچ کو باجوڑ میں خواتین نے آٹا نہ ملنے کے خلاف احتجاج کیا تھا۔ باجوڑ فلور مل کے سامنے خواتین کے احتجاج کے موقع پر مین روڈ کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا تھا۔
احتجاج کرنے والی خواتین کا کہنا تھا کہ کئی بار ان سے وعدے کئے گئے کہ آٹا کیلئے مقرر کوٹہ پورا پورا دیا جائے گا مگر اس کے باوجود بھی آٹا کوٹہ پورا نہیں دیا جاتا جس کے باعث ہم احتجاج پر مجبور ہو گئی ہیں۔