خیبر پختونخوا

خیبرپختونخوا کے 7 اضلاع میں سمارٹ لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ

خیبرپختونخوا کے 7 اضلاع میں سمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان 7 اضلاع میں کل 16 مارچ سے سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا جائے گا۔ جن میں پشاور، مردان، نوشہرہ، ایبٹ آباد، سوات، صوابی اور مالاکنڈ شامل ہیں۔ ان علاقوں میں بازار رات 8 بجے بند کر دیے جائیں گے۔

سمارٹ لاک ڈاؤن والے علاقوں میں میڈیکل اسٹور، بیکری، کریانہ اور دیگر ضروری اشیا کی دکانیں کھلی رہیں گی جبکہ شادی ہالز اور ریسٹورنٹس کے اندر تقریبات پر مکمل پابندی ہو گی۔

صوبائی انتظامیہ کے مطابق کھلے مقامات پر 300 افراد تقریبات میں شرکت کر سکیں گے اور اس کے علاوہ خیبر پختونخوا میں ہر قسم کے ثقافتی میلوں اور کھیلوں کے انعقاد پر پابندی رہے گی۔

تمام پارکس بھی شام 6 بجے بند کرنے کا حکم جاری کر دیا گیا ہے، صوبائی حکومت کی جانب سے حفاظتی ماسک اور سماجی فاصلے پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب ملک میں کورونا سے مزید 29 افراد جاں بحق ہوگئے اور 2200 سے زائد نئے کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔

پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 44061 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 2253 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 29 ہلاکتیں ہوئیں۔ سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 5.1 رہی۔

سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 13537 ہوگئی ہے اور مجموعی کیسز 6 لاکھ 7453 تک جاپہنچے ہیں جب کہ فعال کیسز کی تعداد 22038 ہے۔

اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 1307 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 571878 ہوگئی ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button