خیبر پختونخوا میں موسلادھار بارشوں سے جاتی سردی پھر لوٹ آئی
صوبائی دارالحکومت پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری سے جاتی سردی ایک بار پھر لوٹ آئی اور شہریوں نے گرم ملبوسات کا استعمال دوبارہ شروع کر دیا۔
پشاور، مردان، نوشہرہ، اپر و لوئردیر، چترال اور سوات کے میدانی علاقوں میں بارش، نتھیا گلی اور کالام سمیت دیگر پہاڑی علاقوں میں وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ اتوار کو بھی جاری رہا، خوبصورت وادی میں بارش و برفباری سے سردی شدت بڑھ گئی، برف باری کا مزہ لینے کے لیے سیاحوں کی بڑی تعداد نے وادی کالام، سوات اور گلیات کی جانب رخ کر لیا جہاں وہ برفباری کے ساتھ ساتھ حسین مناظر سے بھی خوب لطف اٹھارتے رہے، ادھر اپر چترال میں مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ سے متعدد شاہراہیں ٹریفک کیلئے بند جبکہ لوئر چترال میں مکان کی چھت گرنے سے ایک بچی زخمی ہو گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سوات میں بارش و برفباری کا سلسلہ آئندہ 24 گھنٹے تک جاری رہے گا۔
پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش دیر میں 18 ملی میٹر، کالام 13، چترال اور پاراچنار 10، میرخانی 9، مالم جبہ 8، تیمرگرہ اور دروش 5، پشاور 4 ، سیدو شریف 3، تخت بھائی 2 اور پتن میں 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد، پنجاب کے بالائی علاقوں، خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش ہو سکتی ہے، کوئٹہ اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، جس کے بعد کوئٹہ کے متعدد علاقوں کو بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی، بلوچستان کے علاوہ شمالی وزیرستان میں بھی بارش ہوئی۔