کورونا وائرس تیسری لہر: پشاور کے چار علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاون نافذ
پشاور میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کے باعث 4 علاقوں میں مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے۔ پشاور کے علاقے حیات آباد فیز ون سٹریٹ 9، ڈیفنس کالونی سٹریٹ 11 ، گلبہار سٹریٹ 3 میں لاک ڈاوَن نافذ کیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ حیات آباد فیز فائیو سٹریٹ 5 میں بھی سمارٹ لاک ڈاوَن نافذ کر دیا گیا ہے۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ مائیکرو سمارٹ ڈاؤن لگانے کا مقصد کورونا کے پھیلاؤ کو روکنا ہے، متاثرہ علاقوں میں اشیا خورونوش، میڈیسن، جنرل اسٹور، تندور کھلے رہیں گے۔
دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے آئندہ دو ماہ کے لیے دفعہ 144 نافذ کردی ہے۔ دفعہ 144 عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا کیسز میں اضافے کو پیش نظر رکھ کر نافذ کی گئی ہے۔ اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نافذ کردہ دفعہ 144 کے تحت عوامی مقامات پر ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے تحت عوامی مقامات پر ماسک نہ پہننے والے شہریوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔