بی آرٹی میں ماسک پہننا لازمی قرار
پشاور میں بی آر ٹی انتظامیہ نے بس کے سفر کو ماسک سے مشروط کردیا۔ ترجمان ٹرانس پشاور کا کہنا ہے کہ بی آر ٹی بس میں سفر ماسک سے مشروط ہے اس لیے بغیر ماسک کے کسی کو بی آر ٹی میں سفر کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
ترجمان نے کہا کہ کورونا وائرس ایس او پیز پرسختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جارہا ہے لہٰذا شہری بی آر ٹی بس میں دوران سفر ماسک کا استعمال لازمی کریں جب کہ ایس او پیزکی خلاف ورزی پرجرمانہ ہوگا اور بس میں سفرکی اجازت نہیں ہوگی۔
یاد رہے ملک میں ایک بار پھر کورونا وائرس اٹھا رہا ہے اور پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے ضلع میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر سمارٹ لاک ڈاون کا سلسلہ بھی دوبارہ شروع کردیا ہے۔ اس ضمن میں اتوار سے شہر کے مختلف علاقوں سے لاک ڈاون کے نفاذ کا اعلان کیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن میں کہا ہے کہ حیات آباد فیز فور کے سیکٹر پی ٹو کے سٹریٹ ٹو، حیات آباد کے فیز سیون کے سیکٹر ای سیکس کے سٹریٹ نمبر دس، کاکشال، مسلم آباد کی گلی نمبر پانچ اور شامی روڈ کی گلی نمبر چار میں کل شام چھ بجے سے مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ ہوچکا ہے۔
اعلامیہ کے مطابق مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران ان علاقوں سے ان آوٹ انٹری بند رہے گی، ان علاقوں میں صرف ضروری اشیاء خوردنوش، میڈیسن، جنرل سٹور، تندور اور ایمرجنسی سروس کی دکانیں کھلی رہیں گی، ان علاقوں کی مساجد میں صرف پانچ افراد کو باجماعت نماز پڑھنے کی اجازت ہو گی۔