چارسدہ، بیٹے نے والد کو جادوگر سمجھ کر قتل کر دیا
چارسدہ:بیٹے نے والد کو جادوگر سمجھ کر قتل کردیا، ”مجھے شک تھا میرا والد مجھے قتل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں اس لئے ان کو ہی قتل کر دیا۔”
ایس ایچ او عمرزئی مسعود خان نے بتایا کہ بابر ولد رویدار سکنہ ترنگزئی نے ہسپتال کیجولٹی میں رپورٹ درج کرتے ہوئے پولیس کو بتایا کہ میں گھر میں کمرہ کے اندر موجود تھا کہ اس دوران فائرنگ کی آواز سنی، باہر دیکھا تو میرے والد خون میں لت پت پڑے تھے۔
”میرے بھائی راشد نے مجھے دیکھتے ہی مجھ پر بھی فائرنگ جس سے میں زخمی اور ولد جاں بحق ہوئے جبکہ بھائی راشد موقع سے فرار ہو گیا۔” ملزم کے بھائی کے مطابق وجہ عناد والد اور بھائی کے درمیان زبانی تکرار تھی۔
دوسری جانب ملزم راشد نے میڈیا کو بتایا کہ میرے والد ہر وقت مار پیٹ کرتے تھے اور مجھے ایسا لگ رہا تھا کہ میرا والد جادوگر ہے جو مجھ پر جادو کر کے مجھے قتل کرنے والا ہے، جیسے ہی مجھے یقین ہوا کہ میرا والد مجھ قتل کرنے والا ہے تو میں نے پستول نکال کر ان پر فائرنگ کر دی جس سے میرا والد موقع پر جاں بحق ہو گیا۔
ملزم کی نشاندہی پر آلہ قتل برآمد، پولیس نے قتل اقدام قتل سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔